سیچوان: (ویب ڈیسک) چین میں ایک خاتون کان میں تکلیف اور مستقل گھنٹی بجنے کی آوازیں سنائی دینے کی شکایت لیکر ہسپتال آئی تو ڈاکٹر نے تفصیلی معائنے کے بعد جب اسے کان میں درد اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب بتایا تو وہ ششدر رہ گئی۔
چین کے صوبے سیچوان کے ہسپتال کے ماہر ڈاکٹر ہان چنگ لونگ نے اینڈوسکوپی کرتے ہوئے خاتون کو بتایا کہ اس کے دائیں کان میں مکڑی نے گھر بنایا ہوا ہے اور مکڑی کا پورا خاندان اس کے کان میں رہائش پذیر ہے!
عالمی ذرائع ابلاغ کے مطابق ڈاکٹر نے ابتدائی طور پر جب کان کے پردے کا معائنہ کیا تو اسے کوئی غیرمعمولی بات محسوس نہیں ہوئی مگر جب تفصیلی معائنہ کیا تو کان کے پردے کے پیچھے کوئی چیز حرکت کرتی ہوئی دکھائی دی۔
بعدازاں ڈاکٹرہان چنگ لونگ نے اینڈو سکوپی کرنے کا فیصلہ کیا، اس دوران انکشاف ہوا کہ اوپر دکھائی دینے والا پردہ دراصل کان کا پردہ نہیں بلکہ مکڑی کا بنایا گیا جالا تھا۔
جالے کو توڑتے ہی مکڑی نے طیش میں آ کر اینڈو اسکوپک ٹیوب پر حملہ بھی کر ڈالا، اینڈو سکوپی اور مکڑی کو اس کے خاندان سمیت ’ کان بدر‘ کرنے کی یہ تمام کارروائی ڈاکٹر نے خصوصی آلے کی مدد سے انجام دی جس پر ویڈیو کیمرا لگا ہوا تھا، یوں یہ تمام کارروائی کیمرے کی آنکھ میں محفوظ ہوگئی۔
ڈاکٹر ہانگ چنگ لونگ نے اس کیس کے بارے میں ذرائع ابلاغ سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کان کے تفصیلی معائنے کے بعد وہ اس نتیجے پر پہنچے تھے کہ تکلیف اور گھنٹیوں کی آوازیں سنائی دینے کا سبب کچھ اور ہے۔
انہوں نے بتایا کہ مکڑی نے کان کے پردے سے مشابہ جالا تان دیا تھا، جب میں نے پہلی بار اینڈوسکوپ کان میں داخل کی تو کوئی غیرمعمولی بات نظر نہیں آئی، مگر قریب سے دیکھنے پر احساس ہوا کہ پردے کے نیچے کوئی شے متحرک ہے، جب میں نے جالا ہٹایا تو مکڑی نے فرار ہونے کی کوشش کی مگر بالآخر یہ پورا ’آپریشن‘ اطمینان بخش طریقے سے انجام پاگیا۔
ڈاکٹر ہانگ چنگ لونگ کا کہنا تھا کہ خوش قسمتی سے مکڑی زہریلی نہیں تھی اور خاتون کے کان کو صرف معمولی نقصان پہنچا تھا۔