کھیت میں کھدائی کے دوران امریکی خانہ جنگی کے وقت کے سکے دریافت

Published On 12 July,2023 03:13 pm

کنٹکی: (ویب ڈیسک) امریکہ میں ایک شہری اپنے کھیت میں کھدائی کر رہا تھا جب اسے امریکی خانہ جنگی کے دور کے 700 سے زائد سکے ملے، خزانے میں 1840ء سے 1863ء کے دور کے سیکڑوں سونے اور چاندی کے سکے شامل ہیں۔

معروف امریکی ادارے نیومِسمیٹک گارنٹی کارپوریشن (این جی سی) نے سکوں کے اصلی ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ سکے خریدنے والی کمپنی کا کہنا ہے کہ سکوں کا 95 فی صد حصہ گولڈ ڈالرز پر مبنی ہے۔

کسان کو زمین کے اندر سے ملنے والے سکوں میں سب سے زیادہ نایاب 1863ء کا 20 ڈالر کا ایک اونس والا سونے کا لبرٹی سکّہ تھا جس کی کم سے کم مالیت ایک لاکھ ڈالرز بتائی گئی ہے۔

این جی سی نے اپنی ویب سائٹ پر بتایا کہ 1850ء سے 1907ء تک چلنے والا 20 ڈالر کا لبرٹی سکہ محکمہ خزانہ نے کیلیفورنیا سے سونا دریافت ہونے کے بعد جاری کیا تھا۔