جکارتہ: (ویب ڈیسک) انڈونیشیا میں دلہا شادی کے دن غائب ہوگیا، جس پر دلہا کے والد نے دلہن سے شادی رچا لی۔
غیرملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انڈونیشیا کے گاؤں جیکوٹامو میں نوجوان خاتون کا لڑکے سے بہت پرانا تعلق تھا،29 اگست کو ان کی شادی ہونا تھی لیکن عین شادی کے وقت لڑکا فرار ہوگیا۔
لڑکی کے بھائی کے مطابق دلہے کے گھر والوں کی جانب سے ہمیں اطلاع دی گئی کہ ہمارا بیٹا لاپتہ ہے، تاہم کچھ دیر انتظار کے بعد معلوم ہوا کہ لڑکا شادی سے انکار کر کے بھاگ گیا ہے۔
یہ خبر سن کر دونوں خاندان پریشان ہوگئے، لڑکی والوں کا مطالبہ تھا کہ شادی پر لاکھوں روپے کا خرچہ کیا گیا ہے، عین وقت پر شادی سے انکار ان کیلئے کافی نقصان اور بے عزتی کا باعث بنے گا۔
تاہم ایسے میں لڑکے کے والد نے اپنی ہونے والی بہو سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا، تاکہ لڑکی والوں کی عزت اور انہیں مالی نقصان سے بچایا جاسکے۔
شادی کی خبر جیسے ہی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین کی جانب سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا گیا۔
کچھ صارفین نے لڑکی کے گھر والوں کی عزت بچانے پر لڑکے کے والد کی تعریف کی جس نے بیٹے کے انکار کے بعد لڑکی سے شادی کی۔
دوسری جانب کچھ صارفین نے لڑکی کے گھر والوں کو تنقید کا نشانہ بنایا کہ مالی نقصان سے بچنے کیلئے انہوں نے بڑی عمر کے شخص سے نوجوان بیٹی کی شادی کروادی۔
واضح رہے کہ دلہن کے گھر والوں نے شادی کی تیاری پر ڈھائی کروڑ انڈونیشین روپے خرچ کئے تھے۔