چالاک بھالو نے چپکے سے لاکھوں روپے مالیت کے پودے برباد کر دیے

Published On 08 September,2023 11:40 pm

سڈنی: (ویب ڈیسک) آسٹریلیا کی ایک نرسری میں قیمتی پودوں کو مسلسل نقصان پہنچانے والے چالاک کوالہ بھالو کا سراغ لگا لیا گیا۔

آسٹریلیا کی ایک نرسری سے قیمتی پودے اور بیج مسلسل کھائے جا رہے تھے تاہم انہیں نقصان کون پہنچاتا تھا یہ معمہ حل طلب تھا، نرسری کے نگراں ہمفرے ہیرنگٹن نے بتایا کہ پہلے ہمارا خیال تھا کہ شاید کسی بکری نے ان پودوں کو چرایا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ بہت کوشش کے باوجود بھی پودے تباہ کرنے والوں کا کوئی سراغ نہ ملا اور یہ معاملہ پراسرار ہوتا چلا گیا لیکن اگلی رات دیکھا گیا کہ ایک کوالہ بھالو ان پودوں کو چٹ کر رہا ہے، انتظامیہ نے مزید نقصان سے بچنے کیلئے نرسری کے اطراف باڑ لگا کر اسے محفوظ بنانے کا عمل شروع کر دیا ہے۔

یہ واردات نیوساؤتھ ویلز کے شہر لزمور میں واقع ’ایسٹرن فاریسٹ نرسری‘ میں ہوئی، جن پودوں کو نقصان پہنچا ان کی قیمت 3800 ڈالر کے لگ بھگ بتائی گئی ہے، جنگلی حیات کے ماہرین کا کہنا ہے کہ یہ ایک انوکھی بات ہے کیونکہ کوالہ کبھی بھی یہاں نہیں آتے۔