لندن: (ویب ڈیسک) سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو بہت تیزی سے مقبول ہو رہی ہے، اس ویڈیو میں ایک خاتون نے شہد کی ایک بڑی لیکن زخمی مکھی کو اٹھایا جو پرواز سے قاصر تھی، اس کیلئے تازہ پھول پیش کئے اور ایک چھوٹا سا گھونسلہ نما غار بھی بنایا۔
کیتھرینا ویلن نامی خاتون کی اس ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بمبل بی رینگتے ہوئے ان کے جوتے پر چڑھ جاتی ہے اور اڑنے سے قاصر ہے۔
ایسی صورت میں خاتون نے مکھی کے سامنے پھول رکھ دیا جس نے فوری طور پر رس پی لیا اور زردانے بھی کھائے، اس کے بعد خاتون نے اس کیلئے چینی والا پانی بنایا جسے وہ پینے لگی اور مکھی کے آرام کیلئے غار نما گھر بھی تیار کیا۔
کئی ہفتوں تک کی روداد کیتھرینا نے ویڈیو میں پیش کی ہے، جس کی پہلی ویڈیو 21 اگست کو بنائی گئی تھی، مکھی کو ’میٹھا مٹر‘ (سویٹ پی) کا نام دیا گیا تھا جس کے سامنے روزانہ تازہ پھول رکھے جاتے ہیں، آرام کیلئے ایک غار نما کمرہ بنایا گیا ہے اور یوں مکھی کیتھرینا سے مانوس ہوچکی ہے۔
شہد کی بڑی مکھی مشکل سے چار ہفتے تک زندہ رہتی ہے تاہم تین ہفتوں سے اپنی مالکن کے پاس ہے اور تندرست ہے، وہ اب بھی اپنے فالوورز کو مکھی کے شب و روز سے آگاہ کرتی رہتی ہیں۔
کیتھرینا کی ویڈیو ٹک ٹاک پر دسیوں لاکھوں کی تعداد میں دیکھی گئی ہے تاہم اب انہوں نے اسے یوٹیوب پر بھی پوسٹ کیا ہے۔