تھائی لینڈ: (دنیا نیوز) تھائی لینڈ میں کورونا کے شکار 6 ماہ کے بچے کی آنکھ کا رنگ علاج کے دوران تبدیل ہوگیا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سائیڈ ایفکٹ کی وجہ سے بچے کی گہری بھوری رنگ کی آنکھیں گہری نیلی ہوگئیں۔
رپورٹس کے مطابق مسلسل ایک دن تک بخار اور کھانسی رہنے کے بعد بچے میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد عام استعمال والی دوا سے اس کا علاج شروع کیا گیا جو 3 دن تک جاری رہا۔
غیر ملکی میڈیا کا کہنا ہے کہ اس دوا کے استعمال سے بچے میں کورونا کی علامات ختم ہوگئیں تاہم اس کی والدہ نے نوٹس کیا کہ علاج شروع ہونے کے 18 گھنٹے بعد بچے کی آنکھوں کا رنگ تبدیل ہونا شروع ہوگیا ہے جس کے بعد ڈاکٹر نے دوا کا استعمال روک دیا۔
رپورٹس کے مطابق ڈاکٹر کی جانب سے دوا کا استعمال رکوانے کے 5 دن بعد بچے کی آنکھوں کا رنگ پھر سے پہلے کی طرح ہوگیا۔