لندن: (ویب ڈیسک) لاٹری کے ذریعے بھاری رقم جیتنے والا انگلش جوڑا اسے فراڈ سمجھ کر نظر انداز کرتا رہا، کمپنی کی طرف سے چوتھی ای میل ملنے کے بعد میاں بیوی کو یقین آیا۔
ویسٹ مڈلینڈز سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے یہ سوچتے ہوئے ایک مہینہ گزارا کہ لاٹری ٹکٹ جیتنے کے حوالے سے متعلق پیغامات فراڈ ہیں، جس میں انہیں بتایا گیا تھا کہ انھیں ایک سال کیلئے 10,000 پاؤنڈز ماہانہ دیئے جائیں گے۔
تاہم چار ہفتوں تک ان پیغامات کو نظر انداز کرنے کے بعد جب وہ آخر کار لاٹری آپریٹر کیملوٹ تک پہنچے تو ان کی حیرانی کی انتہا نہ رہی، 42 سالہ جیمز بریگز اور ان کی 40 سالہ اہلیہ سیلی کیلئے وہاں ایک بڑا سرپرائز موجود تھا۔
اس حوالے سے جیمز کا کہنا تھا کہ نیشنل لاٹری ایپ کے ذریعے میں نے ایک ماہ پہلے ٹکٹ خریدا، مجھے 3 اگست کو قرعہ اندازی کے بارے میں ایک ای میل موصول ہوئی لیکن میں نے اسے نظر انداز کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ چوتھی ای میل دیکھنے کے بعد ہی میں نے اسے پڑھا، میں نے سیلی سے کچھ نہیں کہا لیکن اگلے دن نیشنل لاٹری لائن کو فون کیا کہ آیا یہ تمام ای میلز سچ ہیں، میں نے جب سیلی کو اس سے آگاہ کیا تو اس کی خوشی دیدنی تھی۔
جوڑے نے اپنی جیتی گئی لاٹری کی رقم کو کار کے قرض کی ادائیگی کیلئے استعمال کرنے کا فیصلہ کیا ہے، بقیہ ایک لاکھ پاؤنڈ سے زائد کی رقم کو چھٹیوں پر جانے، لیپ ٹاپ خریدنے اور گھر کا نیا دروازہ بنانے کیلئے استعمال کیا جائے گا۔