طے شدہ وقت سے قبل امتحانی پرچے واپس لینے پر حکومت کیخلاف مقدمہ دائر

Published On 23 December,2023 12:17 pm

گینگوون: (ویب ڈیسک) طلبا نے طے شدہ وقت سے قبل امتحانی پرچے لینے پر حکومت کیخلاف مقدمہ دائر کر دیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق مذکورہ بالا واقعہ جنوبی کوریا کے سنیانگ کالج میں پیش آیا جہاں داخلے کا امتحان دینے کیلئے آئے طلبا سے استاد نے پرچہ طے شدہ وقت سے 90 سیکنڈ پہلے لے لیا۔

سنیانگ کالج کا داخلہ امتحان ملک بھر میں بدنام زمانہ مانا جاتا ہے جو کہ طویل اور مشکل ہوتا ہے جبکہ اس امتحان کی اہمیت کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ اس کے نتائج نہ صرف طلباء کے کالج میں تقرریوں کا تعین کرتے ہیں بلکہ ان کے کیریئر سے متعلق بہترین آپشنز اور مضبوط تعلقات کا بھی سبب بنتے ہیں۔

یہی وجہ ہے کہ طلبا اور ان کے اہلخانہ اس امتحان کو بہت سنجیدگی سے لیتے ہیں اور امتحان کا ایک ایک سیکنڈ قیمتی ہوتا ہے۔

آٹھ گھنٹے پر مبنی اس امتحان کے دوران جنوبی کوریا اپنی فضائی حدود تک بند کر دیتا ہے، انہی باتوں کو مدِنظر رکھتے ہوئے طلبا نے زندگی کے اس اہم ترین امتحان میں خلل ڈالے جانے پر حکومت پر مقدمہ دائر کر کے لاکھوں ڈالرز پر مبنی زرتلافی کا مطالبہ کیا ہے۔

علاوہ ازیں طلباء کی توجہ مرکوز رکھنے کیلئے سٹاک مارکیٹ بھی تاخیر سے فعال ہوتی ہے لہٰذا استاد کی جانب سے ڈیڑھ منٹ قبل امتحان ختم کرنا سنگین نتائج پیدا کرسکتا ہے۔