فلوریڈا: (ویب ڈیسک) دنیا گھومنے کا شوق ایسا کہ امریکی جوڑے نے اپنی جائیداد فروخت کر کے کروز کو ہی اپنا مسکن بنا لیا۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی ریاست فلوریڈا سے تعلق رکھنے والے جوڑے نے 3 برس قبل اپنی تمام جائیداد صرف اس لئے بیچی تاکہ وہ دنیا گھوم سکے۔
ابتداً 76 سالہ جان اور 64 سالہ میلوڈی ہینیسی نے اپنی خواہش پوری کرنے کیلئے موٹر ہوم (ایسا ٹرک جس میں رہائش بھی ممکن ہے) خریدا اور امریکا کی سیر کو نکل پڑے تاہم جب جان گاڑی چلا چلا کر تھک گئے تب انہیں ایک ایسے کروز کا علم ہوا جس میں 9 ماہ تک سمندری سفر ممکن ہے۔
بس پھر کیا تھا کہتے ہیں ناں شوق کا کوئی مول نہیں اس جوڑے نے 2020 میں اپنا گھر، کاروبار اور موٹر ہوم سب کچھ فروخت کر دیا اور کروز پر مستقل زندگی گزارنے کیلئے اپنے سفر کا آغاز کر دیا۔
جوڑے کے مطابق جہاں ان کی نئی زندگی پہلے سے دلچسپ ہے وہیں اس طرح زندگی گزارنا زمین پر زندگی گزارنے سے بہت سستا بھی ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق جوڑا فی الحال ڈومنیکن ری پبلک کے اطراف سفر کر رہا ہے جو ان کے طویل مدتی سفر کا ایک حصہ ہے، اس سفر میں وہ آسٹریلیا، نیوزی لینڈ اور جنوبی بحر الکاہل جا چکے ہیں۔