کرسمس پر سجاوٹ کیلئے لائے گئے درخت میں ننھا ’مہمان‘ بھی آگیا

Published On 25 December,2023 11:31 am

کینٹکی: (ویب ڈیسک) امریکا میں ایک فیملی جب کرسمس کے موقع پر سجاوٹ کیلئے مخصوص آرائشی درخت خرید کر گھر لائی تو اس میں ایک اُلو کا بچہ دیکھ کر سب حیران رہ گئے۔

دنیا بھر میں کرسمس کے تہوار پر خصوصی آرائشی درخت گھروں میں لازمی سجایا جاتا ہے۔

امریکی ریاست کینٹکی میں ایک فیملی جو ہر سال ہی کرسمس درخت پسند کر کے لاتی ہے، اس بار اس میں ایک ننھا سا ’مہمان‘ بھی ساتھ آگیا۔

مشیل وائٹ نے بتایا کہ جس کمرے میں درخت کو سجایا گیا تھا وہ کمرہ مسلسل استعمال میں رہتا ہے جہاں ہم اور ہمارے تین کتے ٹی وی دیکھتے ہیں جبکہ ساتھ ہی کچن بھی بنا ہوا ہے، اس دوران ہمیں اُلو کے بارے میں پتہ ہی نہیں چلا، اُلو کا پتہ بوبی ہیز نے لگایا جو قالین صاف کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ایک آلہ آن کرنے کیلئے جب انہوں نے درخت کے ساتھ پلگ میں تار لگایا تو درخت تھوڑا سا ہلا، غور سے دیکھا تو اُلو درخت کے نچلے حصے پر بیٹھا تھا۔

ہیز نے بتایا کہ مجھے دیکھتے ہی اُلو درخت پر مزید چڑھ گیا، جسے پکڑنے میں کئی منٹ لگے، تاہم پکڑ میں آنے کے بعد اُلّو کو گھر کے پیچھے بنے باغ میں بحفاظت چھوڑ دیا گیا۔