دنیا کی ’’خاموش بارات‘‘ کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل

Published On 09 January,2024 11:31 am

اترپردیش: (ویب ڈیسک) شادی ہو اور ڈھول، باجے، گانا، شور شرابہ نہ ہو ایسا ممکن نہیں لیکن ایک ایسی منفرد خاموش بارات ہوئی جس کے شرکاء سناٹے میں ناچتے رہے۔

بھارت میں گزشتہ دنوں ایسی بارات نکالی گئی ہے جس میں باراتی ہلہ گلا اور رقص تو بھرپور کر رہے ہیں لیکن منظر بالکل خاموش ہے اور وہاں نہ گانے کی آواز اور نہ باجے بجائے جا رہے ہیں، اس انوکھی بارات کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی ہے۔

اس منفرد بارات کی ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹا گرام پر ایک بھارتی انفلوئنسر شیوانگی نے شیئر کی جس میں وہ اپنے دوستوں کے ہمراہ بارات میں شریک ہیں اور کانوں پر ہیڈ فون لگائے خوب ڈانس کر رہی ہیں۔

اس بارات میں صرف شیوانگی اور ان کے دوست ہی نہیں بلکہ دیگر باراتیوں نے حتیٰ کہ دلہا نے بھی ہیڈ فون لگا رکھا ہے تاہم دلہا میاں گھوڑے پر سوار ہیں جبکہ تمام نیچے تمام باراتی رقصاں ہیں۔

شیوانگی شِیوہارے نے اپنی اس ویڈیو کو ’’نئے عہد کی خاموش بارات‘‘ کا عنوان دیا ہے ساتھ ہی پوسٹ میں لکھا کہ کبھی نہیں سوچا تھا کہ میں ’’اے دل ہے مشکل‘‘ کی ڈی جے پارٹی میں شریک ہوں گی۔

انہوں نے سوشل میڈیا صارفین سے استفسار کیا کہ کیا آپ بھی ایسی کسی پارٹی میں شریک ہونا چاہیں گے؟

یہ دلچسپ ویڈیو دیکھتے ہی دیکھتے وائرل ہوگئی اور اب تک ساڑھے 7 لاکھ افراد دیکھ اور پسندیدگی کا اظہار کر چکے ہیں جب کہ اس پر دلچسپ تبصرے بھی کئے جا رہے ہیں۔

نیکتا سینگر نے اس بارات سے مثبت پہلو ڈھونڈتے ہوئے تبصرہ کیا کہ یہ شور کی آلودگی سے لوگوں کو بچا رہے ہیں۔

کچھ صارفین کو تشویش بھی ہوئی کہ اگر یہ سب رائج ہوگیا تو پھر ڈھول باجے والے کیا کریں گے اور گلی میں بارات کی آواز سن کر گھر میں ناچنے والوں کا کیا ہوگا۔

ایک صارف شرے سنگھ نے تبصرہ کیا کہ اس طرح سے راستے میں خاموش ماحول میں ناچنے پر لوگ پاگل ہی سمجھیں گے۔