روم: (ویب ڈیسک) اٹلی کے فوٹوگرافر نے چاند کی ایسی تصویر لی کہ امریکا کے خلائی تحقیقاتی ادارے ناسا کی توجہ بھی اپنی جانب سمیٹ لی۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق اٹلی کے شہر ٹیورن سے تعلق رکھنے والے فوٹوگرافر کا نام ویلیریو میناٹو ہے جنہوں نے اپنی فوٹوگرافی کے ہنر سے ناسا کو بھی حیران کر دیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق فوٹوگرافر نے یہ تصویر چاند کی لی جسے اس نے اٹلی اور فرانس کے درمیان پہاڑی خطے کوٹیان الپس کے سب سے اونچے پہاڑ مون ویزو کی چوٹی سے کیمرے کی آنکھ میں محفوظ کیا۔
سوشل میڈیا پر زیر گردش اس تصویر میں چاند پہاڑ کی چوٹی سے نکل رہا ہے جو دیکھنے میں خوبصورت منظر پیش کر رہا ہے۔
فوٹوگرافر کی جانب سے اس تصویر کو گزشتہ ماہ 15 دسمبر کو لیا گیا تھا جس نے امریکی خلائی ادارے ناسا کی توجہ سمیٹی اور اس دن کی فلکیات کی بہترین تصویر قرار پائی۔
فوٹوگرافر نے اس تصویر کو اپنے سوشل اکاؤنٹس پر بھی شیئر کیا اور ساتھ ہی اس تصویر کے خاص ہونے کی وجہ بتائی کہ اسے سینیریا چاند کہتے ہیں۔
فوٹوگرافر نے بتایا کہ قمری چکر کے پہلے اور آخری مرحلے کے دوران سورج کی روشنی جب زمین سے چاند کی طرف پڑتی ہے توچاند کی سطح کو روشن کردیتی ہے۔
سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے چاند کی اس تصویر کی تعریف کرتے ہوئے فوٹوگرافر کے اس ہنر کو سراہا جا رہا ہے۔