بچوں کی ’تاریخ پیدائش‘ نے شہری کو راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا

Published On 13 February,2024 09:04 am

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) بچے ماں باپ کیلئے خوشی کا باعث ہوتے ہیں لیکن خوش قسمت شخص کے بچوں کی تاریخ پیدائش نے اسے راتوں رات کروڑ پتی بنا دیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ابوظہبی کے راجیو جو 10 سالوں سے متحدہ عرب امارات کے علاقے العین میں بغرض روزگار مقیم ہے اور ایک آرکیٹیکچرل فرم میں کام کرتا ہے، یہ شخص اپنی قسمت بدلنے کیلئے گزشتہ کئی سالوں سے متواتر بگ ٹکٹ ڈرا میں حصہ لے رہا تھا لیکن اس کے من کی مُراد بَر نہیں آ رہی تھی۔

اس سال راجیو نے کچھ مختلف کرنے کا سوچا اور اپنے دو بچوں کی تاریخ پیدائش 7 اور 13 کی مناسبت سے ان ہی نمبروں کے قرعہ اندازی کے ٹکٹوں کا انتخاب کیا اور یہ انتخاب انہیں 15 ملین درہم (33 کروڑ بھارتی روپے) کا مالک بنا گیا۔

کیرالہ سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ راجیو کے پاس اس مرتبہ لاٹری کے چھ ٹکٹ تھے تاہم انہیں حیران کن طور پر جیت کمپلیمینٹری ٹکٹ سے ملی۔

راجیو نے اپنی خوشی کا اظہار کرتے ہوئے بتایا کہ میں گزشتہ 3 سالوں سے ٹکٹ خرید رہا ہوں اور یہ پہلا موقع ہے جب میں نے لاٹری جیتی ہے، اس بار میں اور میری اہلیہ نے 7 اور 13 نمبروں کے ٹکٹوں کا انتخاب کیا تھا جو کہ ہمارے بچوں کی تاریخ پیدائش ہیں۔

راجیو نے یہ بھی کہا کہ اسے بِگ ٹکٹ سے خاص پیشکش ہوئی، اس نے دو ٹکٹ خریدے اور مفت میں چار ٹکٹ ملے۔

واضح رہے اس ٹکٹ کو راجیو سمیت دیگر 19 امیدواروں کے درمیان مساوی تقسیم کیا جائے گا۔