نیلور گائے کی مہنگی ترین نیلامی سے نیا ریکارڈ قائم

Published On 30 March,2024 02:39 pm

برازیل :(ویب ڈیسک )لائیو سٹاک کی دنیا میں نیلور گائے کی مہنگی ترین نیلامی سے نیا ریکارڈ قائم ہوگیا۔

برازیل میں منعقد ہونے والی لائیو سٹاک آکشن میں نیلور گائے جسے مقامی طور پر ویاتینا 19 ایف آئی وی مارا اموویز کہا جاتا ہے، سب سے زیادہ نیلامی کے ساتھ فروخت ہوئی ہے۔

اس نیلامی میں نیلور گائے  4 اعشاریہ 8 ملین ڈالرز میں نیلام ہوئی جس کی پاکستانی کرنسی میں قیمت 1 ارب سے زائد روپے بنتی ہے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق لائیو سٹاک نیلامی کی دنیا میں یہ سب سے بڑی نیلامی ہے، جسے مائل سٹون قرار دیا جا رہا ہے، اس نیلامی کی ایک بڑی وجہ اس جانور کی خوبیاں بھی ہیں، جس کے باعث خریدنے والوں نے بھاری بولی لگا دی۔

نیلور گائے اپنی خصوصیات کے باعث سب کی توجہ حاصل کر لیتی ہے، یہ بریڈ اپنے سفید رنگ، قد کاٹ، خوبصورتی اور مضبوط کُبھ کے باعث بھی مقبول ہے۔

واضح رہے گزشتہ سال بھی نیلور گائے کی دنیا کی مہنگی ترین گائے قرار پائی جو 4.3ملین ڈالر میں نیلام ہوئی۔