اتر پردیش: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی تقریب میں ’جوتا چھپائی‘ کے دوران باراتی لڑ پڑے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بھارتی ریاست اترپردیش کے شہر امروہہ میں جوتا چھپائی کی رسم کے دوران باراتی گتھم گتھا ہوگئے اور ایک دوسرے کو کرسیوں اور بیلٹوں سے مارنا شروع کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق دو بہنوں کی شادی کے دوران دلہے کی جانب سے جوتوں کی ادائیگی کی رقم کو لے کر جھگڑا ہوا، دلہن کی بہنوں نے جوتے چھپا رکھے تھے اور انہیں واپس کرنے کیلئے پانچ ہزار روپے کا مطالبہ کیا تھا۔
ویڈیو میں دیکھا گیا کہ باراتیوں کی جانب سے ایک دوسرے کو کرسیوں اور بیلٹوں سے مارا جا رہا ہے۔
بزرگوں اور خواتین نے صورتحال پر قابو پانے کی کوشش کی لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا اور باہر کھڑی دلہے کی گاڑی کے شیشے بھی توڑ دیئے گئے، لڑائی کے دوران پانچ افراد زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔
تاہم پولیس کا بتانا ہے کہ بغیر کسی قانونی کارروائی کے فریقین کے درمیان صلح ہوگئی، اگر شکایت درج کروائی گئی تو کارروائی کی جائے گی۔