نیو دہلی:(دنیا نیوز) بھارت میں باپ طلاق ملنے کے بعد بیٹی کو ساری رسم و رواج کو توڑتے ہوئے بینڈ باجے کے ساتھ گھر لانے پر محبت کی انوکھی مثال قائم کردی ۔
بھارتی میڈیا کے مطابق شہر کان پور کے رہائشی انیل کمار نامی شہری بیٹی کو طلاق کے بعد ایسے ہی گھر واپس لایا جیسے اس نے ڈھول کی تھاپ پر بیٹی کو رخصت کیا تھا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اروی نامی خاتون پیشے کے اعتبار سے انجینئر ہے اور نئی دہلی کے ائیرپورٹ پر ملازمت کرتی تھی جب کہ اس کا شوہر کمپیوٹر انجینئر تھا، دونوں کی شادی 2016 میں ہوئی اور جوڑے کی ایک بیٹی بھی ہے۔
اروی نے الزام لگایا کہ سسرال والے جہیز کے لیے اس کے ساتھ بدسلوکی کرتے تھے جس کی وجہ سے وہ طلاق لینے پر مجبور ہوئی جسے عدالت نے منظور کیا، اروی نے کہا کہ میں نے 8 سال تک تشدد، مار پیٹ اور طعنے سہنے کے باوجود بھی رشتہ بچانے کی بہت کوشش کی لیکن بدقسمتی سے یہ رشتہ ٹوٹ گیا۔
اروی کے والد انیل کمار نے کہا کہ ہم نے اپنی بیٹی کو جیسے خوشی سے بھیجا تھا اسے ویسے ہی خوشی سے واپس لائے ہیں کیونکہ ہم چاہتے ہیں وہ سر اٹھا کر زندگی گزارے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بیٹی کو گھر واپس لاتے ہوئے میں نے بینڈ باجے کا انتظام کیا تاکہ معاشرے میں ایک مثبت پیغام جائے اور لوگ اپنی بیٹیوں کو شادی کے بعد نظر انداز کرنے کی بجائے انہیں سمجھنے کی کوشش کریں۔