آگرہ: (ویب ڈیسک) سکول دیر سے آنے پر خاتون پرنسپل اور ٹیچر کی لڑائی کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر بھارتی شہر آگرہ کے گاؤں میں پرائمری سکول کی ایک ویڈیو شیئر کی گئی جس میں پرنسپل اور ٹیچر کو ایک دوسرے کو مارتے پیٹتے دیکھا جا سکتا ہے۔
دراصل ٹیچر کو سکول آنے میں دیر ہوئی تھی جس پر پرنسپل اور ٹیچر کے درمیان بحث کے بعد لڑائی ہوگئی۔
ویڈیو میں دیکھا گیا ہے کہ پرنسپل جب خاتون ٹیچر کو مارنے لگتی ہیں تو قریب موجود دوسرے اساتذہ روکنے کی کوشش کرتے ہیں لیکن وہ مارنے کا سلسلہ جاری رکھتی ہیں۔
ایک خاتون ویڈیو بناتی ہیں تو انہیں بھی روکنے کی کوشش کی جاتی ہے، ویڈیو کے آخر میں پرنسپل اور ٹیچر جانے لگتی ہیں لیکن اس دوران پھر ایک دوسرے کو مارنا شروع کر دیتی ہیں۔
ہریکانت شرما نامی صارف نے ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کیپشن میں لکھا کہ ٹیچر زخمی ہے اور پرنسپل نے انہی کے خلاف شکایت درج کروائی ہے۔
وائرل ویڈیو پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے دلچسپ تبصرے بھی کئے جا رہے ہیں۔
ایک صارف نے لکھا کہ بہت سے بچوں کا خواب یہاں پورا ہو رہا ہے، دوسرے صارف نے لکھا کہ اساتذہ اپنی اضافی نصابی صلاحیتیں دکھا رہے ہیں۔