روسی خاتون کو کیو آر کوڈ کی مدد سے بھارتی شوہر کی تلاش

Published On 05 June,2024 03:45 pm

ماسکو :(ویب ڈیسک ) روسی خاتون نے کیو آر کوڈ کی مدد سے بھارتی شوہر کی تلاش شروع کردی۔

خاتون نے اس حوالے سے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر ایک مختصرویڈیو بھی اپ لوڈ کی ہے ، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈنارا نے ایک پوسٹر تھام رکھا ہے جس پر لکھا ہے ’مجھے انڈین شوہر کی تلاش ہے‘، پوسٹر پر ایک کیو آر کوڈ بھی چسپاں ہے جو ڈنارا کے انسٹاگرام اکاؤنٹ سے منسلک ہے۔

ڈنارا نے انسٹاگرام پر ویڈیو اپلوڈ کرتے ہوئے لکھا کہ شوہر ڈھونڈنے میں میری مدد کریں، وائرل ہونے والی اس ویڈیو نے سوشل میڈیا پر کافی توجہ حاصل کی ہے اور بہت سے صارفین محبت کی تلاش کے لیے ڈنارا کی تخلیقی صلاحیتوں کی تعریف کر رہے ہیں۔

جہاں اس ویڈیو کے اپلوڈ ہونے کے بعد ڈنارا کے انسٹاگرام فالوورز میں نمایاں اضافہ ہوا ہے وہیں انٹرنیٹ صارفین اس پر مختلف تبصرے بھی کر رہے ہیں، ایک صارف نے اپنے کمنٹ میں کہا کہ ’شادی ڈاٹ کام نہیں اب انسٹاگرام ڈاٹ کام‘۔

ایک خاتون صارف نے ڈنارا سے گزارش کرتے ہوئے لکھا کہ ایک شوہر میرے لیے بھی ڈھونڈ دیں جبکہ ایک اور صارف نے لکھا کہ اگر یہ سب آپ مشہور ہونے کے لیے نہیں کر رہیں تو مجھ سے شادی کر کے اپنی سچائی ثابت کریں۔