تھیسالونیکی (ویب ڈیسک) یونان میں 2 ہزار سال پرانے ایک سنگ مر مر کے مجسمے کو کچرے کے بیگ میں دریافت کیا گیا ہے۔
یہ حیران کن واقعہ یونان کے شہر تھیسالونیکی میں سامنے آیا جہاں 2 ہزار سے زائد پرانے ایک خاتون کے سنگ مر مر کے مجسمے کو کچرے کے بیگ میں دریافت کیا گیا۔
کوڑے کے بیگ میں پڑے اس 31 انچ بڑے مجسمے کا سر غائب تھا، جس شخص نے اس مجسمے کو دریافت کیا، اس نے اسے مقامی حکام کے حوالے کر دیا، حکام کی جانب سے ماہرین آثار قدیمہ سے رابطہ کرکے مجسمے کا تجزیہ کرایا گیا۔
پولیس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ابتدائی تجزیے سے معلوم ہوا کہ یہ مجسمہ ہیلینسٹک دور کا ہے یعنی 320 سے 30 قبل میسح پرانا ہے، اس مجمسے کو مزید تجزیے کے لیے ماہرین آثار قدیمہ کو بھیج دیا گیا ہے جو تحقیق کے بعد اسے مقامی حکام کے حوالے کریں گے۔
پولیس کی جانب سے تحقیقات کی جا رہی ہے کہ کس کی جانب سے مجسمے کو کوڑے میں پھینکا گیا اور شبے میں ایک شخص کو حراست میں لیا گیا مگر پھر رہا کر دیا گیا۔
یونان میں اس طرح حادثاتی طور پر نوادرات کی دریافت غیرمعمولی نہیں، قدیم ورثے سے لیس اس ملک میں اکثر عمارات کی تعمیر یا دیگر کاموں کے دوران قدیم آثار دریافت ہوتے ہیں۔