بھارت: شادی کی آدھی تقریبات ہال، آدھی پولیس سٹیشن میں انجام پائی

Published On 04 February,2025 10:24 am

گجرات: (ویب ڈیسک) بھارت میں شادی کی آدھی تقریبات ہال جبکہ آدھی پولیس سٹیشن میں انجام پا گئی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق بھارتی ریاست گجرات کے شہر سورت میں جوڑے کی شادی کی تمام رسومات مکمل ہوگئی تھیں صرف گلے میں ہار ڈالنے باقی تھے کہ شادی کو اچانک روک دیا گیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شادی کو دولہا کے گھر والوں نے مبینہ طور پر تقریب میں کھانا ختم ہونے کی وجہ سے روکا۔

پولیس حکام کے مطابق دونوں خاندانوں میں کھانے کی مبینہ کمی پر جھگڑا ہوا جس کے بعد دولہا کے خاندان نے شادی کی باقی رسم کرنے سے انکار کر دیا۔

حکام کے مطابق دلہن دولہا کے خاندان کے رویے سے پریشان ہوئی جس کے بعد اس نے پولیس سے رابطہ کیا اور کہا کہ لڑکا شادی کیلئے تیار ہے لیکن اس کے گھر والے راضی نہیں ہیں، اس سارے معاملے کے بعد اس کے حل کیلئے دولہا اور دلہن سمیت ان کے گھر والوں کو بھی پولیس سٹیشن بلایا گیا۔

پولیس کی مداخلت اور مدد کے بعد دولہا کے خاندان نے شادی کو مکمل کرنے پر رضامندی ظاہر کی تاہم یہاں بھی یہ کیس مکمل طور پر حل نہیں ہوا کیونکہ دلہن نے شادی ہال میں واپس آنے کی صورت میں دوبارہ لڑائی کا امکان ظاہر کیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق لڑکی کے خدشے کے پیشِ نظر پولیس نے جوڑے کو شادی کی بقیہ رسمیں تھانے ہی میں مکمل کرنے کی اجازت دی۔