نیوزی لینڈ کا عجیب ہوائی اڈہ، رن وے اور ریلوے لائن ایک ساتھ

Published On 02 May,2025 10:00 am

لندن : (دنیا نیوز) برطانوی جریدے ڈیلی میل نے نیوزی لینڈ میں موجود گسبورن ایئرپورٹ کو دنیا کا مہنگا اور خوفناک ہوائی اڈہ قرار دیا ہے جہاں ایک کیلا دو ہزار روپے اور ایک بیئر چھ ہزار روپے تک میں ملتی ہے۔

ایک رپورٹ میں مسافروں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ اگر ممکن ہو تو اس ہوائی اڈے سے سفر سے گریز کریں کیونکہ یہ دنیا کے عجیب ترین ہوائی اڈوں میں سے ایک ہے جس کے مرکزی رن وے کے ساتھ ایک ریلوے لائن بھی ملتی ہے۔

گسبورن سٹی ریلوے کی سٹیم ٹرین اسی ہوائی اڈے کے رن وے کو عبور کرتی ہے، یہ منظر مسافروں اور پائلٹوں کو یکساں طور پر خوفناک معلوم ہو سکتا ہے مگر یہ ٹرین سال میں صرف 15 بار ہوائی اڈے سے گذرتی ہے، خاص طور پر گرمیوں میں جب کروز جہاز آتے ہیں، یہ بات بہت سے سیاحوں کو اپنی طرف متوجہ بھی کرتی ہے۔

یہ ہوائی اڈہ نیوزی لینڈ کے دور دراز کے علاقے گسبورن کو ملک کے باقی حصوں سے ملانے میں اہم کردار ادا کرتا ہے، اس اڈے پر سالانہ 60 سے زیادہ گھریلو پروازیں اڑان بھرتی ہیں جس کیلئے فضائی ٹریفک کنٹرولر اور ٹرین کے عملے کے درمیان محتاط رابطے کی ضرورت رہتی ہے۔