بیوی سے تھپڑ : ڈونلڈ ٹرمپ کا فرانسیسی صدر کو دلچسپ مشورہ

Published On 31 May,2025 09:04 am

واشنگٹن : (ویب ڈیسک) امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے فرانسیسی صدر میکرون کو غیر ملکی دورے پر اہلیہ سے تھپڑ کھانے پر دلچسپ مشورہ دیا ہے کہ ایسے موقع پر دروازہ بند رکھنا یقینی بنائیں۔

گزشتہ دنوں ویتنام پہنچنے پر فرانسیسی صدر کے طیارے کا دروازہ کھُلا تو صدر میکرون کے منہ پر پڑتے اہلیہ کے ہاتھ نے کیمروں کی توجہ کھینچ لی جس کے بعد فرانسیسی صدر نے فوراً کیمروں کو دیکھ کر ہاتھ ہلایا۔

واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی جس میں کہا گیا کہ فرانسیسی خاتون اول نے فرانسیسی صدر کو تھپڑ مارا ہے، ویڈیو میں یہ بھی دیکھا گیاکہ جہاز سے اترتے ہوئے صدر میکرون نے بازو آگے بڑھایا تو ان کی اہلیہ نے ان کا بازو بھی نہیں تھاما تھا۔

اوول ہاؤس میں صحافی نے اس واقعہ پر صدر ڈونلڈ ٹرمپ سے فرانسیسی صدر میکرون اور اہلیہ کو شادی سے متعلق مشورہ دینے کو کہا جس پر ٹرمپ نے فرانسیسی صدر کو ہنستے ہوئے مشورہ دیا کہ اس بات کو یقینی بنائیں کہ دروازہ بند ہی رہے۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مزید کہا کہ میں نے ان سے بات کی ہے وہ دونوں خیریت سے ہیں، وہ دونوں نہایت خوش اخلاق اور اچھے لوگ ہیں، جنہیں میں اچھی طرح جانتا ہوں، مجھے معلوم نہیں کہ یہ سب کیوں ہو رہا ہے، مگر میں انہیں اچھی طرح جانتا ہوں اور وہ دونوں خیریت سے ہیں۔ 

فرانسیسی خاتون اول کے صدر میکرون کے چہرے پر ہاتھ مارنے کی ویڈیو وائرل ہونے پر فرانسیسی صدر کا ردعمل بھی سامنے آیا تھا کہ وہ اہلیہ کے ساتھ ہلکے پھلکے انداز میں تکرار بلکہ مذاق کر رہے تھے جبکہ میڈیا میں واقعہ کو کوئی بہت بڑی آفت یا تباہی بنا کر پیش کیا جا رہا ہے۔