واشنگٹن: (دنیا نیوز) ہارورڈ یونیورسٹی نے ٹرمپ انتظامیہ کی جانب سے غیر ملکی طلبا پر پابندی لگانے کے خلاف ابتدائی عدالتی جنگ جیت لی۔
امریکی جج نے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیر ملکی طالب علموں پر پابندی لگانے کی ٹرمپ انتظامیہ کی کوشش روک دی، وفاقی جج ٹرمپ انتظامیہ کے فیصلے کے خلاف عارضی حکم جاری کریں گے، گزشتہ ہفتے جو عارضی حکم امتناع جاری کیا تھا، وہ برقرار رہنا چاہیے۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں ٹرمپ انتظامیہ نے ہارورڈ یونیورسٹی کا غیر ملکی طلبا کو داخلہ دینے کا اختیار منسوخ کر دیا تھا۔
سیکرٹری ہوم لینڈ سکیورٹی کرسٹی نوم نے یونیورسٹی کو خط میں ٹرمپ انتظامیہ کے اقدام سے آگاہ کیا کہ یہ اقدام ہوم لینڈ سکیورٹی کی یونیورسٹی میں جاری تفتیش کے لیے کیا جا رہا ہے۔
امریکی محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا کہنا تھا کہ ہارورڈ یونیورسٹی کی اسٹوڈنٹ اور وزیٹر ایکسچینج پروگرام سرٹیفیکیشن ختم ہوگئی ہے، یونیورسٹی غیرملکی طلبا کو داخلہ نہیں دے سکتی اور موجودہ زیر تعلیم غیرملکی طلبا کو ٹرانسفر کرنا ہوگا۔
ہارورڈ یونیورسٹی نے اس اقدام کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے شدید ردعمل دیا کہ اس سے ادارے اور پورے ملک کو سنگین نقصان پہنچے گا، جس کے بعد امریکی عدالت نے ہارورڈ یونیورسٹی میں غیرملکی طلبا کے داخلے کے فیصلے پر عمل درآمد روک دیا۔