جاپان میں تنہائی کے شکار افراد کیلئے کرائے کا خاندان سروس متعارف

Published On 07 June,2025 12:47 pm

ٹوکیو : (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں ڈپریشن، اداسی اور تنہائی ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس سے نمٹنے کے لیے جاپان میں کرائے کا خاندان سروس متعارف کرائی گئی ہے۔

فیملی رینٹل سروس کے تحت لوگ اپنے خاندان کے افراد کی جگہ کرایہ پر افراد حاصل کرتے ہیں تاکہ وہ ایک مکمل خاندان کا تجربہ حاصل کر سکیں، اس سروس میں افراد کو ایک کرائے کا خاندان دیا جاتا ہے، جو ان کے ساتھ وقت گزارے، خوشی غمی کے مواقع پر ان کے ساتھ ہو یا تنہائی میں صرف ساتھ بیٹھ کر باتیں کریں تاکہ وہ اکیلے پن کا احساس نہ کریں۔

یہ سروس ان لوگوں کے لیے ہے جو تنہائی کے شکار ہیں، چاہے وہ شہری زندگی کی تیز رفتاری سے متاثر ہوں یا ذاتی مسائل کی وجہ سے اکیلے ہو چکے ہوں، کئی افراد اس سروس کا استعمال اس لیے کرتے ہیں تاکہ وہ عارضی طور پر اس خلا کو پر کر سکیں جو زندگی میں اہم روابط کی کمی کی وجہ سے پیدا ہوتا ہے۔

اس سروس کی خصوصیت یہ ہے کہ یہ ایک گہرے رشتہ کے بجائے صرف ایک عارضی سہولت فراہم کرتی ہے، کرائے پر لینے والے افراد کو کسی دکھاوے یا مصنوعی تعلقات کا سامنا نہیں ہوتا بلکہ یہ ایک نوعیت کی جذباتی تسکین کا ذریعہ بننے کی کوشش کرتی ہے، لوگ اپنے منتخب خاندان کے ساتھ مشترکہ سرگرمیاں کرتے ہیں جیسے کھانا کھاتے ہیں، گفتگو کرتے ہیں، چھٹیاں گزارتے ہیں۔

یہ سروس مختلف اقسام کی ہوتی ہے، بعض افراد صرف فیملی ممبرز کی موجودگی چاہتے ہیں جبکہ کچھ افراد خاص موقع پر کسی خاندان کے ساتھ وقت گزارنا چاہتے ہیں تاکہ ان کی زندگی میں ایک معمولی سی گھر کی محبت شامل ہو سکے۔

اس تصور کی تخلیق میں جاپان میں بڑھتی ہوئی تنہائی، کم ہوتی ہوئی شرحِ پیدائش اور خاندانوں کی روایتی نوعیت میں تبدیلی نے اہم کردار ادا کیا ہے، جاپان میں کئی افراد طویل اوقات تک اکیلے رہنے پر مجبور ہیں، خاص طور پر بزرگ افراد اکثر اپنے بچوں سے دور ہوتے ہیں یا ان کا کوئی قریبی رشتہ دار موجود نہیں ہوتا۔