میڈرڈ: (ویب ڈیسک) سپین میں ڈرائیور نے روکے جانے پر ٹریفک پولیس اہلکار پر شہد کی مکھیاں چھوڑ دیں۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق سپین کے قریب شاہراہ کے ساتھ دو ٹریفک پولیس اہلکار معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے جب انہوں نے بغیر سیٹ بیلٹ گاڑی چلانے والے ڈرائیور کو روکا تو وہ روکے جانے پر غصے میں آگیا۔
جب افسران کو شراب کی بو کا پتا چلا تو انہوں نے بریتھ لائزر ٹیسٹ کرانے کا کہا تھا تو اس کا غصہ مزید بڑھ گیا، پہلے ٹیسٹ کے بعد جب افسران نے دوسرے ٹیسٹ کی درخواست کی تو بوڑھے ڈرائیور نے اہلکاروں کو مارنے کی دھمکیاں دینا شروع کر دیں۔
شہد کی مکھیاں پالنے والے ڈرائیور نے وین کے پچھلے حصے کی طرف جا کر دروازہ کھولا اور پولیس اہلکاروں پر مکھیاں چھوڑ دیں، پولیس اہلکاروں کے پاس مکھیوں سے بچنے کیلئے کوئی حفاظتی پوشاک نہیں تھی۔
ٹریفک پولیس کے اہلکار حملے سے بچنے اور پناہ لینے کیلئے قریبی ریسٹورنٹ بھاگے جہاں لوگوں نے ان کی مدد کرنے کی کوشش کی۔
مکھیوں نے پولیس اہلکاروں کو ڈنک مارے، جس کے اہلکاروں کو علاج کیلئے ہسپتال منتقل کیا گیا۔