محبوب آپ کے قدموں میں: اماراتی شوہر کالا جادو کرانے پر جیل پہنچ گیا

Published On 26 June,2025 02:50 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) بیوی کی محبت واپس حاصل کرنے کیلئے کالا جادو کرانے والے شوہر کو جیل کی ہوا کھانا پڑگئی۔

 پولیس نے بتایا کہ شوہر نے بیوی کی محبت کو دوبارہ پانے کیلئے واٹس ایپ پر کالا جادو کرنے والی جادوگرنی سے رابطہ کیا اور اسے اپنی بیوی کی معلومات دیتے ہوئے تصاویر، ویڈیوز اور فون  نمبرز بھی بھیجے تاکہ رابطہ کیا جاسکے۔

پولیس کے مطابق جادوگرنی نے اس کام کے لیے شوہر سے 20 ہزار درہم کا مطالبہ کیا جو شوہر ادا کرنے کیلئے تیار ہوگیا، اس کے بعد جادوگرنی نے مزید 25 ہزار درہم کا مطالبہ کیا جسے شوہر نے دینے سے انکار کیا تو اس نے بیوی کو تصاویر بھیج کر سارا راز کھولنے کی دھمکی دی۔

شوہر نے دھمکیوں کو نظر انداز کرتے ہوئے ایک اور جادوگرنی سے رابطہ کیا اور اسے 10 ہزار درہم دیے لیکن شوہر کو اس میں بھی ناکامی کا سامنا رہا جس کے بعد اس نے تیسری خاتون سے رابطہ کیا جس نے کوئی پیسوں کا تقاضا نہیں کیا۔

پولیس کا کہنا ہےکہ خاتون شوہر سے خلع لینے کے لیے پہلے ہی کیس فائل کرچکی تھی اور وہ 2 ماہ قبل شوہر کا گھر چھوڑ چکی تھی۔

ایک خاتون کے ذریعے بیوی کو معلوم ہوا کہ اس کا شوہر کالا جادو کروا رہا تھا جس پر بیوی نے ثبوت کے ساتھ پولیس سے شکایت کی، پولیس نے خاتون کی شکایت پر اس کے شوہر کو گرفتار کرکے 6 ماہ کے لیے جیل بھیج دیا۔