اماراتی ایئرلائنز کے مسافر ایک سال میں 6 کروڑ لگژری اور مہنگے چاکلیٹ کھا گئے

Published On 03 July,2025 08:35 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کی عالمی فضائی کمپنی امارات ایئرلائن کے مسافرایک سال کے دوران پروازوں پر 6 کروڑ لگژری اور مہنگے چاکلیٹ ہڑپ کر گئے۔

غیر ملکی میڈیا کی رپورٹ کے مطابق ایئرلائن نے ورلڈ چاکلیٹ ڈے (7 جولائی) کی مناسب سے جاری کردہ اعداد و شمار میں بتایا کہ دنیا بھر میں کمپنی کی تمام پروازوں پر مجموعی طور پر 6 کروڑ چاکلیٹس کھائی گئیں۔

ایئرلائن کے مطابق یہ تعداد گزشتہ سال کے مقابلے میں 20 لاکھ زیادہ ہے، سب سے زیادہ چاکلیٹس اکانومی کلاس میں کھائی گئیں، جہاں ساڑھے تین کروڑ سے زائد چاکلیٹ ٹکڑوں کا استعمال ریکارڈ کیا گیا، اسی طرح نئی متعارف کرائی گئی پریمیم اکانومی کلاس میں بھی چاکلیٹس کی مانگ میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا، جہاں 10 لاکھ 60 ہزار چاکلیٹس کھائی گئیں۔

کمپنی کے مطابق بزنس کلاس میں 92 لاکھ چاکلیٹس کھائی گئیں جبکہ فرسٹ کلاس کے مسافروں نے 1,22,000 بڑی گورمیٹ چاکلیٹ بکس کا لطف اٹھایا، جو تقریبا 14 لاکھ چاکلیٹس کے برابر ہیں۔

امارات ایئر لائن دنیا بھر کے مشہور چاکلیٹ برانڈز کے ساتھ شراکت داری رکھتی ہے اور ہر چھ ماہ بعد پروازوں میں چاکلیٹس کی اقسام تبدیل کی جاتی ہیں تاکہ مسافروں کو تازگی اور تنوع فراہم کیا جا سکے، کمپنی دوران پرواز فضاؤں میں مسافروں کو Coco Jalila (متحدہ عرب امارات)، Valrhona (فرانس) اور Canonica اور Neuhaus (بیلجیئم) کے برانڈز سمیت دیگر کمپنیوں کے چاکلیٹس فراہم کرتی ہے۔

ایئرلائن کے مطابق چاکلیٹ کے انتخاب میں چاکلیٹ کی قسم، ذائقہ، بھراؤ، ساخت، برانڈ کی پہچان، موجودہ رجحانات اور پائیدار ذرائع سے حصول جیسے عوامل کو مدِنظر رکھا جاتا ہے۔