’او کے گرینڈما‘ اب نانی یا دادی کرائے پر حاصل کرنا ممکن

Published On 16 July,2025 11:56 am

ٹوکیو: (ویب ڈیسک) جاپان کی روز افزوں ترقی کسی سے ڈھکی چھپی بات نہیں یہاں کی جدت پسندی ہر روز ایک نئی دریافت سے سب کو حیران کردیتی ہے، سائنس اور ٹیکنالوجی میں کی جانے والی ان کی کاوشوں کے تو سب ہی مترادف ہیں لیکن ایک سروس ’’او کے گرینڈما‘‘ خاص طور پر لوگوں کی توجہ کا مرکز بنی ہوئی ہے۔

’’کلائنٹ سروسز“ ایک جاپانی کمپنی ہے جو کہ مختلف قسم کی خدمات فراہم کرتی ہے، جس میں صفائی، رہائشی سہولتیں، بچوں کی دیکھ بھال اور پالتو جانوروں کی دیکھ بھال شامل ہے۔

اسی کمپنی نے ایک منفرد سروس متعارف کرائی ہے جس کا نام ’’او کے گرینڈما‘ ہے، اس سروس کے تحت، آپ کسی بھی عمر کی 60 سے 94 سال تک کی معمر خاتون کو اپنی ”دادی“ یا ”نانی“ کے طور پر کرائے پر حاصل کر سکتے ہیں اور اس کی فیس صرف 23 امریکی ڈالرز فی گھنٹہ ہے۔

ایک حقیقی جاپانی نانی یا دادی آپ کے گھر آ سکتی ہے تاکہ اپنی دانائی آپ سے بانٹ سکے، گھر کے کاموں میں مدد کرے یا محض آپ کا ساتھ دے۔

یہ سروس 2012 میں شروع کی گئی تھی اور آج تک اس کمپنی کی سب سے زیادہ مقبول سروس بن چکی ہے۔

کمپنی نے اس مقصد کیلئے 100 سے زیادہ معمر افراد کو ملازمت پر رکھا ہے، جو اپنے بھرپور تجربات اور زندگی کے جذبے کے ساتھ معاشرتی خدمت میں اپنا حصہ ڈالنے کیلئے تیار ہیں اور ہر ایک اپنی منفرد مہارتوں اور زندگی کے تجربات کے ساتھ خدمات پیش کر رہی ہے۔

چاہے وہ روایتی کھانا پکانے کی تربیت ہو یا شکریہ کے کارڈ لکھنے کا طریقہ سیکھنا ہو، یہ دادی صرف علم ہی نہیں بلکہ دل سے بھی جُڑی ہوتی ہیں۔

اگرچہ ”دادی کو کرائے پر لینے“ کا تصور کچھ لوگوں کو عجیب لگ سکتا ہے، مگر حقیقت میں یہ سروس انسانی ربط قائم کرتی ہے اورعمر پر مبنی امتیاز کا مثبت حل پیش کرتی ہے۔