خاتون نے طلاق کے لئے 77 ارب روپے کا دعویٰ دائر کر دیا

Published On 31 July,2025 12:12 pm

ابوظہبی: (ویب ڈیسک) ابوظہبی میں ایک کیریبین خاتون نے طلاق کیلئے ایک ارب درہم مالیت کا دعویٰ دائر کر دیا جو کہ پاکستانی تقریباً 77 ارب روپے بنتے ہیں۔

ویب سائٹ ’خلیج ٹائمز‘ کے مطابق اگر خاتون اپنا دعویٰ جیتنے میں کامیاب ہو جاتی ہیں تو مذکورہ کیس نہ صرف امارات بلکہ خلیجی خطے کی تاریخ کا سب سے بڑا طلاقی مالی تصفیہ ثابت ہو سکتا ہے۔

خاتون کی نمائندگی کرنے والی برطانوی قانونی فرم کے عہدیدار کے مطابق مذکورہ مقدمہ ابوظہبی سول فیملی کورٹ میں زیرِ سماعت ہے، فریقین ایک مسلم کیریبین جوڑا ہے جو طویل عرصے سے متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور دونوں کا تعلق انتہائی دولت مند خاندانوں سے ہے۔

خاتون کے وکیل کا کہنا تھا کہ اگرچہ مقدمے کی تفصیلات خفیہ ہیں لیکن جس رقم کا مطالبہ کیا جا رہا ہے وہ فریقین کے مالی حالات کو ظاہر کرتا ہے، مقدمے کی بنیاد اس اصول پر ہے کہ جو چیزیں ایک ساتھ مل کر بنائی گئی ہوں، انہیں منصفانہ طور پر تقسیم کیا جانا چاہیے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ابوظہبی سول فیملی کورٹ نہ صرف مالی بلکہ غیر مالی تعاون کو بھی تسلیم کرتی ہے اور ایسے فیصلے دیتی ہے جو جدید شراکت داری کی حقیقی زندگی کی عکاسی کرتے ہیں۔

رواں برس مئی میں ابوظہبی سول کورٹ نے ایک غیر ملکی جوڑے کے درمیان ’نو فالٹ‘ (No-Fault) طلاق کا فیصلہ سنایا، جس میں 10 کروڑ درہم سے زائد کا مالی تصفیہ ہوا جو اس وقت خلیجی خطے میں رپورٹ ہونے والا سب سے بڑا طلاقی معاہدہ تھا۔