نیویارک: (ویب ڈیسک) اکثر جوڑوں کی خواہش ہوتی ہے کہ ان کی منگنی کی انگوٹھی ہیرے سے سجی ہوئی ہو مگر اتنا خرچہ کرنا ہر ایک کے بس کی بات نہیں ہوتی، مگر ایک خاتون نے اپنی اس خواہش کو اس طرح پورا کیا کہ سب دنگ رہ گئے۔
نیویارک سے تعلق رکھنے والی 31 سالہ میکری فوکس نے آرکنساس سٹیٹ پارک سے اس مقصد کیلئے ایک ہیرا تلاش کیا، یہ خاتون جولائی میں آرکنساس کے کریٹر آف ڈائمنڈ سٹیٹ پارک میں گئیں اور ایک ماہ تک ہیروں کی کھوج کرتی رہیں۔
آرکنساس سٹیٹ پارک کی جانب سے جاری بیان کے مطابق جب ان کی کھوج کا آخری دن تھا تو وہ 2.30 قیراط کا ہیرا تلاش کرنے میں کامیاب رہیں اور اسے منگنی کی انگوٹھی میں استعمال کرنے کا فیصلہ کیا۔
خاتون نے پارک انتظامیہ سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ میں نے کبھی حقیقی ہیرا اپنے ہاتھوں میں نہیں دیکھا تھا اور پہلے تو مجھے یقین نہیں تھا کہ یہ واقعی ہیرا ہے، مگر یہ حقیقت ہے۔
پارک سروسز کے مطابق رواں سال اس پارک میں 366 ہیرے دریافت ہوئے ہیں اور یہ تیسرا سب سے بڑا ہیرا ہے، 37 ایکڑ پر پھیلے اس پارک کے قریب آتش فشاں موجود ہے اور یہ دنیا کا واحد مقام قرار دیا جاتا ہے جہاں لوگوں کو حقیقی ہیرے تلاش کرنے کی اجازت ہے۔
پارک انتظامیہ نے بتایا کہ یہاں آپ جو کچھ تلاش کرتے ہیں، وہ اپنے پاس رکھ سکتے ہیں، بس آپ کو اپنے آلات لانے ہوں گے یا پارک سے کرائے پر لینے ہوں گے۔
میکری فوکس نے 2 سال قبل فیصلہ کیا تھا وہ اپنی منگنی کی انگوٹھی کیلئے ہیرا خود تلاش کریں گی اور ان کے مطابق یہ اس بات کی علامت ہوگی کہ آپ اپنے مالی مسائل خود حل کرسکتے ہیں، ان کے والدین اور مستقبل کے شوہر نے ان کے اس فیصلے کی حمایت کی۔
خاتون نے بتایا کہ میں دنیا کے کسی بھی حصے میں جا کر اسے ممکن بنانا چاہتی تھی، میں نے تحقیق کی اور دریافت کیا کہ دنیا میں ایسا واحد مقام آرکنساس میں موجود ہے، اپنی تلاش کے آخری دن انہوں نے پیروں کے پاس کسی چیز کو چمکتے ہوئے دیکھا اور انہیں لگا کہ یہ مکڑی کا جالا ہے مگر پھر انہیں احساس ہوا کہ یہ تو کوئی جگمگاتا پتھر ہے۔
پارک انتظامیہ نے اسے ہیرے کے طور پر شناخت کیا اور اس موقع پر خاتون خوشی سے رونے لگی، 1996 سے اب تک اس مقام پر 75 ہزار سے زائد ہیروں کو دریافت کیا جاچکا ہے جن میں سب سے بڑا 40.23 قیراط کا تھا اور اب ایک میوزیم میں موجود ہے۔