ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارت میں ایک شخص سپائیڈر مین کا روپ دھار کر بارش کے پانی کی نکاسی کیلئے سڑک پر آگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔
بھارت کا شہر ممبئی بارش کے پانی میں ڈوب رہا تھا اسی دوران سپر ہیرو نے سب کی توجہ اپنی جانب مبذول کروا لی۔
بھیونڈی میں سیلاب زدہ گلیوں کے بیچوں بیچ، سپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس ایک شخص کو پانی سے بھری سڑکوں کو ہاتھ میں ایک موپ کے ساتھ صاف کرتے ہوئے دیکھا گیا، یہ منظر تیزی سے وائرل ہو گیا۔
واضح رہے کہ ممبئی اور اس کے آس پاس کے علاقوں میں گزشتہ تین دنوں سے تیز بارش نے نظام زندگی درہم برہم کر دیا ہے، سڑکیں ندیوں میں تبدیل ہوگئی ہیں، ٹریفک مفلوج ہو کر رہ گئی ہے اور سبزی منڈی جیسی جگہوں پر بازاروں اور گلیوں میں سیلابی پانی داخل ہونے سے دکانداروں کو بڑے نقصانات کا سامنا کرنا پڑا ہے۔
اس افراتفری کے درمیان مقامی لوگ سپائیڈر مین کے لباس میں ملبوس کسی کو پانی میں گھومتے ہوئے دیکھ کر دنگ رہ گئے۔
وائرل ویڈیو میں اسے سڑک سے پانی نکالتے اور کچرے کے تھیلے کو ہٹاتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے جو نالے کو روک رہا تھا، سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے وائرل ویڈیو پر دلچسپ تبصرے بھی کیے جارہے ہیں۔



