لندن: (دنیا نیوز) دنیا کی معمر ترین خاتون نے آج اپنی زندگی کا ایک اور برس مکمل کرلیا۔
برطانیہ کی شہری ایتھل کیٹرہیم (Ethel Caterham) آج اپنی 116ویں سالگرہ منا رہی ہیں، سرے کے کیئر ہوم کے مطابق ایتھل اپنی سالگرہ پرسکون طریقے سے خاندان کے ساتھ گزار رہی ہیں۔
ایتھل کیٹرہیم 21 اگست 1909 کو انگلینڈ کے گاؤں شپٹن بیلنگر میں پیدا ہوئیں، انہوں نے اپنی طویل زندگی میں 2 بیٹیوں اور شوہر کو کھو دیا لیکن آج بھی اپنے 3 نواسوں اور 5 پڑپوتوں کے ساتھ ہیں۔
برطانوی اخبار کے مطابق ایتھل برطانوی بادشاہ ایڈورڈ ہفتم کے دور کی آخری فرد ہیں، ایڈورڈ ہفتم نے 1901 سے 1910 میں اپنی وفات تک برطانیہ پر حکومت کی۔
خیال رہے کہ دنیا میں سب سے زیادہ عمر پانے کا ریکارڈ اب بھی فرانس کی جین کالمینٹ کے پاس ہے جن کا 1997 میں 122 سال کی عمر مں انتقال ہوا تھا۔