بھنڈ: (ویب ڈیسک) بھارتی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع بھنڈ میں یومِ آزادی کی تقریب کے دوران مٹھائی کم ملنے پر ایک شہری نے وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر شکایت درج کرا دی، جس پر پنچایت کو اسے ایک کلو مٹھائی دینا پڑی۔
واقعہ گرام پنچایت بھون میں پیش آیا جہاں 15 اگست کے موقع پر پرچم کشائی کی تقریب میں بڑی تعداد میں مقامی لوگ شریک ہوئے۔
تقریب کے اختتام پر انتظامیہ کی جانب سے شرکاء کو دو، دو لڈو دیئے جا رہے تھے، مگر کملیش خوشواہا نامی شہری کو مبینہ طور پر صرف ایک لڈو دیا گیا۔
کملیش نے دوسرا لڈو مانگا مگر اسے انکار کر دیا گیا، جس پر وہ غصے میں آ گیا اور فوری طور پر وزیراعلیٰ ہیلپ لائن پر شکایت درج کروا دی۔
اپنی تحریری شکایت میں اس نے الزام عائد کیا کہ پنچایت مٹھائیوں کی منصفانہ تقسیم میں ناکام رہی ہے اور اس کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے۔
پنچایت سیکرٹری نے میڈیا کو بتایا کہ کملیش سڑک پر کھڑا تھا، اسے ایک لڈو دیا گیا لیکن وہ دو لڈو پر اصرار کرتا رہا اور انکار پر اس نے شکایت کر دی۔
بعد ازاں شکایت کے ازالے کے طور پر پنچایت نے کملیش کو ایک کلو مٹھائی خرید کر دے دی۔
یہ انوکھا واقعہ سوشل میڈیا اور میڈیا میں دلچسپی کا باعث بن گیا ہے، جہاں لوگ اس رویے کو مزاحیہ بھی کہہ رہے ہیں اور افسوسناک بھی۔