64 سالہ شخص کا سر پر 511 گلاس توازن میں رکھنے کا عالمی ریکارڈ

Published On 22 August,2025 08:42 am

قبرص: (ویب ڈیسک) قبرص کے ایک شہری نے اپنے سر پر 511 گلاس 15 سیکنڈ کیلئے توازن میں رکھ کر گنیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ حاصل کر لیا۔

64 سالہ ارسطو ٹیلس والاوریتیس دراصل ایک پیشہ ور گلاس ڈانسر ہے، اس نے وائن گلاس جن کا مجموعی وزن تقریباً 139 پاؤنڈ تھا کو تہوں کے درمیان پلائی ووڈ کی شیٹس رکھ کر ایک بلاک کی صورت میں ترتیب دیا۔

اس بلاک کو اس کے بعد ایک فورک لفٹ نے اس وقت تک اٹھائے رکھا جب تک کہ ارسطوٹیلس والاوریتیس اس کے نیچے آ کر وزن اٹھا کر کھڑا نہ ہوا، جس کے بعد وہ 511 گلاس ایک توازن کے ساتھ اپنے سر پر رکھ کر 15 سیکنڈ تک کھڑا رہا۔

جس کے بعد فورک لفٹ نے اسے واپس لیا اس دوران کوئی بھی ڈرنک کنٹینر نیچے نہیں گرا۔

واضح رہے کہ گلاس ڈانسنگ قبرص میں ایک روایتی پرفارمنس ہے، جس میں ایک رقاص کے سر پر گلاس رکھے جاتے ہیں اور رفتہ رفتہ ان کی تعداد بڑھتی جاتی ہے یہاں تک کہ وہ گر جاتے ہیں، ارسطوٹیلس والاوریتیس نے ایسا رقص اس وقت کیا جب اس نے 2023 میں اپنے سر پر سب سے زیادہ 319 گلاس متوازن رکھنے کا ریکارڈ قائم کیا۔

اس کا یہ ریکارڈ بعد میں توڑ دیا گیا تھا جسے دوبارہ اپنے نام کرنے کیلئے انہوں نے اپنی حالیہ کوشش کے دوران رقص نہ کرنے کا فیصلہ کیا تھا تاکہ ناکامی نہ ہو۔