مالک کی جان بچا کر بہادری کا ایوارڈ جیتنے والا انوکھا کتا

Published On 23 August,2025 11:03 pm

کیلی فورنیا:(دنیا نیوز) امریکی بیمہ کمپنی نیشن وائڈ پیٹ انشورنس نے اپنے گھر والوں کو بپھرے بیل سے بچانے والے کیلیفورنیا کے ایک کتے کے لیے اس سال کے ہیم بون ایوارڈ کا اعلان کردیا۔

اس سال کے فاتح کتے زیا نے شمالی کیلیفورنیا میں سیر کے دوران حملہ کرتے ایک بیل کے سامنے آکر اپنے مالک کو بچایا تھا۔

نیشن وائڈ کی جانب سے جاری ہونے والی رپورٹ میں بتایا گیا کہ کتے کا مالک تو فوری طور پر بچ نکلا لیکن بیل نے زیا کے جبڑے پر ٹکر مار دی، جس سے اس کا دانت ٹوٹ گیا اور اس کو ایمرجنسی ویٹ میں لے جایا گیا، جہاں وہ ماہرین کے نگرانی میں مکمل صحت یاب ہوا۔

ہیم بون ایوارڈ سالانہ بنیادوں پر ایسے پالتو جانوروں کو دیا جاتا ہے جو غیر معمولی وقت میں غیر متوقع کارکردگی دکھاتے ہیں, یہ ایوارڈ ایک ایسے کتے کے نام پر ہے جو چھٹی کے دن ریفریجریٹر میں بند ہو گیا تھا اور اس نے پورا دن ہیم کھا کر گزارا تھا۔

زیا نے یہ ایوارڈ آن لائن ووٹنگ کے ذریعے جیتا، اس کے مقابلے میں نو دیگر امیدوار کتے بھی تھے۔