لائیو ویڈیو سٹریم نے 3 دہائیوں سے بچھڑی ماں بیٹی کو ملا دیا

Published On 27 August,2025 09:29 pm

بیجنگ: (ویب ڈیسک) لائیو ویڈیو سٹریم نے چین سے تعلق رکھنے والی ایک خاتون کو 3 دہائیوں سے زائد عرصے بعد بچھڑی ہوئی ماں سے دوبارہ ملا دیا۔

مشرقی چین کے صوبے Zhejiang کے شہر وینزوو کی ایک فیکٹری میں کام کرنے والی 32 سالہ یان کے ساتھ ایسا ہوا، یان نے کچھ عرصے قبل ایک مختصر ویڈیو شیئرنگ پلیٹ فارم میں ایک خاتون کو لائیو سٹریم کے دوران دیکھا تھا۔

صوبہ جیانگشی سے تعلق رکھنے والی 52 سالہ خاتون شو (پورا نام ظاہر نہیں کیا گیا) نے ویڈیو میں کہا تھا کہ وہ اپنی دوسری بیٹی کو تلاش کر رہی ہیں، 2022 سے شو کی جانب سے سوشل میڈیا کو استعمال کرکے گمشدہ بیٹی کو تلاش کیا جا رہا تھا۔

یان کو بچپن میں ایک جوڑے نے گود لیا تھا جن کی جانب سے اس کی بہت محبت سے پرورش کی گئی، مگر اسے اپنے اصل خاندان کے بارے میں کچھ بھی یاد نہیں تھا، بالغ ہونے کے بعد سے یان اپنے اصل خاندان کو تلاش کر رہی تھی۔

جب یان نے شو کو لائیو اسٹریم میں دیکھا تو اسے لگا جیسے وہ خود کو اسکرین پر دیکھ رہی ہے اور اس نے ویڈیو پر کمنٹ کیا کہ  شاید میں آپ کی بیٹی ہوسکتی ہوں ، شو نے یان کو کہا کہ وہ پولیس سے رابطہ کرے، پولیس کی مدد سے یان شو تک پہنچنے میں کامیاب ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: بڑے بھائی سے لڑائی پر والد کی چھوٹے بیٹے کو انوکھی سزا

ڈی این اے ٹیسٹنگ سے دونوں کے رشتے کی تصدیق ہوگئی اور شو اپنے گھر والوں کے ساتھ Zhejiang پہنچی اور ماں بیٹی ایک دوسرے سے مل گئے، جب ماں اور بیٹی 30 سال سے زائد عرصے بعد دوبارہ ملے تو دونوں رونے لگے جبکہ یان اپنے بھائی اور بہن سے بھی ملی۔

ایک انٹرویو میں شو نے بتایا کہ یان ان کی سب سے چھوٹی بیٹی تھی اور خاندان کی مالی مشکلات کے باعث اسے ایک رشتے دار کے گھر رہنے کے لیے بھیج دیا گیا۔

مگر پھر ان کی ساس نے یان کو ایک بے اولاد جوڑے کو دے دیا اور جب اس جوڑے کے اپنے بچے ہوگئے تو وہ یان کو ایک حکومتی دفتر کے دروازے پر چھوڑ کر چلے گئے اور اس طرح ہم بچھڑ گئے۔

یان سے ملاقات کے بعد شو نے اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ  آخرکار میری برسوں پرانی خواہش پوری ہوگئی ہے ، البتہ یان نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا کہ وہ اپنے اصل خاندان کے پاس واپس لوٹ جائے گی یا نہیں۔