افغان لڑکا طیارے کے پچھلے پہیے میں چھپ کر زندہ بھارت پہنچ گیا

Published On 23 September,2025 10:43 am

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) افغانستان سے تعلق رکھنے والا 13 سالہ لڑکا ایک طیارے کے پچھلے پہیے کے خانے میں چھپ کر کابل سے بھارت پہنچ گیا اور معجزانہ طور پر اس نہایت خطرناک سفر میں زندہ بچ گیا۔

دی انڈین ایکسپریس کے مطابق افغان نوجوان نے 94 منٹ کا فضائی سفر طے کیا اور دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر محفوظ اور جسمانی طور پر مستحکم حالت میں لینڈ کیا۔

یہ واقعہ افغانستان کی کام ایئر کی پرواز پر پیش آیا اور چار باخبر ذرائع نے اس کی تصدیق کی۔

فلائٹ راڈار 24 کے مطابق ایئر بس اے 340نے کابل کے حامد کرزئی بین الاقوامی ہوائی اڈے سے صبح 8:46 بجے پر اڑان بھری اور 10:20 بجے دہلی کے ٹرمینل تھری پر لینڈ کیا، کرتا پاجامہ پہنے ہوئے اس لڑکے کا اصل ارادہ ایران جانے کا تھا، مگر غلطی سے بھارت جانے والی پرواز میں سوار ہو گیا۔

افغان لڑکے اعتراف کیا کہ وہ کابل ایئرپورٹ پر دیگر مسافروں کے پیچھے پیچھے داخل ہوا اور بورڈنگ کے دوران طیارے کے پہیے کے خانے میں چھپ گیا۔

یہ واقعہ کابل ایئرپورٹ کی سکیورٹی سکریننگ پر سنگین سوالات اٹھاتا ہے۔

یہ واقعہ اس وقت منظر عام پر آیا جب پرواز کے لینڈ ہونے اور تمام مسافروں کے اُترنے کے بعد ایک گراؤنڈ ہینڈلر نے لڑکے کو ہوائی اڈے کی حدود میں چہل قدمی کرتے ہوئے دیکھا اور حکام کو اطلاع دی۔

سنٹرل انڈسٹریل سکیورٹی فورس نے لڑکے کو اپنی تحویل میں لیا اور بعد میں اسے ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کر دیا، چونکہ وہ نابالغ ہے، اس لیے اس پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی جا سکتی۔

ایک ماہرِ ہوابازی نے اس عمل کو انتہائی خطرناک قرار دیتے ہوئے کہا کہ طیارے کے باہر اس حالت میں زندہ بچنا تقریباً ناممکن ہوتا ہے جبکہ ایک ڈاکٹر نے بھی شدید موسمی اور جسمانی حالات میں زندہ بچنے کو معجزہ قرار دیا۔