غازی آباد: (ویب ڈیسک) بھارت کی ریاست اتر پردیش کے شہر غازی آباد میں ڈاکٹروں نے ایک مریض کے معدے سے 29 سٹیل کے چمچ، 19 ٹوتھ برش اور دو قلم نکال دیے۔
اس غیر معمولی آپریشن نے مقامی نشہ چھڑاؤ مرکز کی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیے ہیں۔
سچن نامی مریض نے بتایا کہ اسے مرکز میں داخل کیے جانے اور وہاں ملنے والی کم خوراک پر شدید غصہ آتا تھا، مرکز کے عملے کی جانب سے کھانا بہت کم دیا جاتا تھا اور گھر والوں کی طرف سے لایا گیا کھانا بھی اکثر ان تک نہیں پہنچتا تھا۔
سچن نے انکشاف کیا کہ احتجاجاً اس نے کچن سے سٹیل کے چمچ چوری کر کے باتھ روم میں لے جانا شروع کیے، جہاں وہ انہیں توڑ کر پانی کے ساتھ نگل لیتا تھا۔
شدید پیٹ درد کے بعد مریض کو ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں سکین کے دوران معدے میں یہ تمام اشیاء موجود ہونے کا انکشاف ہوا۔
ڈاکٹروں نے بتایا کہ اینڈوسکوپی کے ذریعے ان چیزوں کو نکالنے کی کوشش ناکام رہی کیونکہ اشیاء کی تعداد بہت زیادہ تھی، بعدازاں آپریشن کے ذریعے انہیں کامیابی سے باہر نکال لیا گیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق اس قسم کا رویہ عام طور پر نفسیاتی مسائل کا شکار افراد میں پایا جاتا ہے۔
واضح رہے کہ اتر پردیش میں ہی 2022 میں ایک ایسے مریض کے معدے سے 63 چمچ نکالے گئے تھے، اس وقت مریض کے اہل خانہ نے الزام عائد کیا تھا کہ نشہ چھڑاؤ مرکز کے عملے نے زبردستی یہ چمچ کھلائے تھے، تاہم مریض نے اس الزام کی تردید کی تھی۔