زوردار جمائی لینے سے برطانوی خاتون کی گردن کی ہڈی سرک گئی

Published On 29 September,2025 03:21 pm

لندن: (ویب ڈیسک) کیا آپ نے سوچا ہے کہ جمائی کسی انسان کی زندگی کو خطرے میں ڈال سکتی ہے؟ یہ حقیقت ہے کیوں کہ برطانیہ میں زوردار جمائی لینے سے 36 سالہ خاتون کی گردن کی ہڈی اپنی جگہ سے سرک گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افسوسناک واقعے کی صبح ہیلی بلیک نامی برطانوی خاتون اپنی بیٹی کو دودھ کی بوتل دینے کیلئے اٹھی تھیں جہاں ہیلی کی نظر جھولے میں جمائی لیتی بیٹی پر پڑی تو وہ خود بھی اپنی جمائی کو نہ روک سکی۔

جمائی کے دوران ہیلی کو اپنے جسم میں کرنٹ سا محسوس ہوا اور اس کا اٹھا بازو ہوا میں معلق رہ گیا، گڑ بڑ محسوس ہونے پر ہیلی نے اشارے سے شوہر کو ایمبولینس بلانے کیلئے کہا، ہیلی کو جب ہسپتال لے جایا گیا تو اس وقت وہ شدید درد میں مبتلا تھیں تاہم ڈاکٹر بھی فوری طور پر ہیلی کے درد کی وجہ نہ جان سکے۔

رپورٹ کے مطابق ’ہیلی کی گردن کا سکین لینے کے بعد ڈاکٹرز کو معلوم ہوا کہ زوردار جمائی لینے کی وجہ سے ہیلی کی گردن کی C6 اور C7 ہڈیاں ان کی ریڑھ کی ہڈی سے آگے آگئی ہیں۔

بعد ازاں ڈاکٹرز نے اسے عجیب وغریب واقعہ قرار دیتے ہوئے ہیلی کے زندہ رہنے کے 50/50 چانسز قرار دیئے جس کے بعد ہیلی کی فوری طور پر سرجری کی گئی اور وہ اسے بچانے میں کامیاب ہوگئے، 6 ماہ تک ہیلی وہیل چیئر پر رہی تاہم اب وہ مکمل طور پر صحتیاب ہیں۔

غیر ملکی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ہیلی کا کہنا تھا کہ ’میں ہر آئی جمائی پر گھبرا جاتی ہوں اور میں جب بھی جمائی دبانے کی کوشش کرتی ہوں تو یہ صورتحال مجھے متاثر کرتی ہے، صحتیابی کے باوجود آج بھی میں اکثر اپنے بازوؤں، کمر، گردن اور سر تک درد محسوس کرتی ہوں‘۔