قاہرہ: (ویب ڈیسک) مصر سے تعلق رکھنے والے ایک پہلوان نے 700 ٹن (6 لاکھ 34 ہزار کلوگرام) وزنی بحری جہاز کو رسی کے ذریعے دانتوں سے کھینچ کر عالمی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔
44 سالہ اشرف مہروز مصر کے ساحلی علاقے غردقہ میں ایسا کرکے دکھایا، اشرف مہروز کی عرفیت Kabonga ہے اور مصری انہیں اسٹرونگ مین بھی کہتے ہیں، انہوں نے بعد میں 1150 ٹن (10 لاکھ 43 ہزار کلوگرام) وزنی 2 جہازوں کو کھینچنے میں بھی کامیابی حاصل کی۔
اشرف مہروز نے کہا کہ آج میں نے عالمی ریکارڈ توڑ دیا ہے اور دونوں جہازوں کو دانتوں سے کھینچا، اللہ کا شکر ہے کہ میں اپنے دوستوں اور پوری دنیا کے سامنے یہ ثابت کرنے میں کامیاب رہا کہ اللہ نے مجھے دنیا کا مضبوط ترین انسان بنایا ہے ۔
ان کی جانب سے اب جہاز کھینچنے کی ویڈیوز اور تصاویر کو گنیز ورلڈ ریکارڈز میں بھیجا جائے گا تاکہ پرانے ریکارڈ کی جگہ ان کا نام درج ہوسکے۔
ابھی گنیز ورلڈ ریکارڈز میں 2018 میں قائم کیا گیا ریکارڈ موجود ہے جب 614 ٹن وزنی جہاز کو دانتوں سے کھینچا گیا تھا۔
اس سے قبل مارچ 2025 میں انہوں نے 279 ٹن (2 لاکھ 53 ہزار کلوگرام سے زائد) وزنی ٹرین کو رسی کے ذریعے دانتوں سے لگ بھگ 10 میٹر تک کھینچا تھا اور سب سے وزنی ٹرین کو کھینچنے کا گنیز ریکارڈ قائم کر دیا تھا۔
3 سال قبل انہوں نے 15 ہزار 730 کلوگرام وزنی ٹرک کو دانتوں سے کھینچا تھا, 155 کلوگرام جسمانی وزن کے مالک اشرف مہروز نے بھاری جہازوں کو کھینچنے کے لیے کافی سخت تربیت حاصل کی۔
وہ روزانہ 6 گھنٹوں تک تربیت حاصل کرتے جبکہ پروٹین اور آئرن سے بھرپور غذا کا استعمال کرتے، جس میں کم از کم ایک درجن انڈے، 2 پوری مرغیاں اور 5 کلو مچھلی شامل ہوتے تھے۔