چھوٹے قد کے یوٹیوبر کا اڑتے جہاز پر خطرناک اسٹنٹ کا عالمی ریکارڈ قائم

Published On 04 October,2025 09:22 am

ٹورنٹو: (ویب ڈیسک) دنیا میں ایسے لوگوں کی کمی نہیں جو ناقابل یقین کام کر کے دنیا کو ورطہ حیرت میں ڈال دیتے ہیں۔

ایسا ہی کچھ کینیڈا سے تعلق رکھنے والے سوشل میڈیا سٹار جان فرگوسن نے کیا جس نے چھوٹے قد کے ساتھ بڑا کارنامہ انجام دیتے ہوئے ہزاروں فٹ کی بلندی پر اڑتے جہاز کی چھت پر کھڑے ہو کر نیا عالمی ریکارڈ اپنے نام کر لیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق صرف 4 فٹ 1.2 انچ کے جان فرگوسن نے برطانیہ کے خراب موسم کے دوران بارش اور تیز ہواؤں کا سامنا کرتے ہوئے جان لیوا اسٹنٹ کا مظاہرہ کیا اور 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑنے والے جہاز پر کھڑے ہو کر سفر کیا اور 2010 میں برطانیہ کے 4 فٹ 1.7 انچ کے کرن کا ریکارڈ توڑ کر نیا ریکارڈ اپنے نام کیا۔

اس کے ساتھ ہی وہ دنیا کے سب سے چھوٹے ونگ واکر بن گئے ہیں۔

27 سالہ جان فرگوسن نے ریکارڈ قائم کرنے کے بعد کہا کہ میں توقع نہیں کر رہا تھا کہ یہ طیارہ اتنی تیز رفتاری سے چلے گا، بارش کے ساتھ ساتھ یہ 100 میل فی گھنٹہ کی رفتار سے اڑتا رہا، اس دوران میرے چہرے پر پانی کی ایک ملین بوندیں ٹپک رہی تھیں۔

فرگوسن کا کہنا ہے کہ ان کی نظریں اب پیرا گلائیڈنگ اور سکائی ڈائیونگ میں ریکارڈ بنانے پر ہیں۔