بھارت میں دو صحافیوں کو کچل کر قتل کر دیا گیا

Last Updated On 27 March,2018 04:27 pm

بھارت کے ایک مشہور اخبار کے مطابق پولیس نے ریاست بہار سے گاؤں کے سابق سربراہ کو حراست میں لیا ہے جن پر مقامی اخبار کے رپورٹر نوین نیسچل کو قتل کرنے کا شبہہ ہے۔ دوسرا واقعہ بھارتی ریاست مدھیا پردیش میں پیش آیا جہاں ٹی وی سے منسلک صحافی سندیپ شرما کو ٹرک چڑھا کر کچل دیا گیا۔

رپورٹس کے مطابق اخبار کے رپورٹر نوین نیسچل اپنے ساتھی صحافی وجے سنگھ کے ہمرا موٹرسائیکل میں بہار کے دارالحکومت پٹنہ سے 50 میل کے فاصلے پر بھوجپور میں محو سفرتھے کہ نشانہ بنایا گیا۔ پولیس کا کہنا تھا کہ مقتول صحافی کے بھائی کی جانب سے شکایت پر گاوں کے سابق سربراہ محمد ہارسو کو گرفتار کیا گیا ہے۔ بھوجپور پولیس کے سپرینٹنڈنٹ آکاش کمار نے شکایت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ  انھوں نے شکایت درج کی ہے کہ یہ ایک قتل تھا کیونکہ مقتول نے ایک روز قبل گاوں کے سابق سربراہ سے بحث کی تھی ۔انھوں نے کہا کہ ہارسو کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے اور اب پولیس کو ان کے بیٹے کی تلاش ہے۔

دوسری جانب قتل ہونے والے صحافی سندیپ شرما کا ایک ایس پی کے نام لکھا خط سامنے آیا۔ اس خط میں ٹی وی جرنلسٹ نے اپنی جان کو خطرہ قرار دیتے ہوئے جھوٹے کیسوں میں پھنسانے یا قتل کئے جانے کی سازش رچنے کا خدشہ ظاہر کیا تھا ۔ وہیں پولیس نے پورے معاملہ کی جانچ کیلئے ایس آئی ٹی کی تشکیل کی ہے ۔صحافی سندیپ نے کچھ مہینوں پہلے بھنڈ میں ریت مافیا اور پولیس کے درمیان ساز باز سے وابستہ ایک اسٹنگ آپریشن کیا تھا ۔ سندیپ نے ایک پولیس اہلکار کو ریت مافیا سے مبینہ طور پر رشوت لیتے ہوئے کیمرے میں قید کیا تھا، اس کے بعد سے ہی قتل کے اندیشہ کے پیش نظر سندیپ نے ایس پی سے سیکورٹی مہیا کرانے کی فریاد کی تھی۔