چین سے تجارتی جنگ برسوں پہلے ہار چکے ہیں ، ٹرمپ

Last Updated On 06 April,2018 09:28 pm

واشنگٹن(روزنامہ دنیا) اس شکست کے ذمہ دار ہماری نمائندگی کرنیوالے بیوقوف اور احمق لوگ تھے، چین کے ساتھ تجارتی خسارہ جاری رکھنے کے متحمل نہیں ہوسکتے ،امریکی صدر

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکہ کی چین کے ساتھ کوئی تجارتی جنگ نہیں، یہ جنگ ہم برسوں پہلے ہار چکے ہیں۔ اپنے ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے لکھا کہ چین کے ساتھ تجارتی جنگ امریکہ برسوں پہلے اپنی نمائندگی کرنے والے احمق اور نااہل لوگوں کی وجہ سے ہارا۔

ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکہ چین کے ساتھ تجارتی خسارہ جاری رکھنے کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ امریکی صدر کا ٹوئٹ چین کی جانب سے امریکی مصنوعات کی درآمد پر ٹیکس کی شرح میں اضافے کا عندیہ دیے جانے اور ان مصنوعات کی فہرست جاری کرنے کے اگلے روز سامنے آیا ہے ۔واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں امریکہ اورچین کی جانب سے ایسے اقدامات کیے گئے ہیں جن سے دو بڑی معیشتوں کے باہمی تجارتی روابط میں تناؤ کی نشان دہی ہوتی ہے ۔ پہلے امریکہ نے چینی مصنوعات پر 25 فی صد تک ٹیکس عائد کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے جواب میں چین نے بھی امریکی مصنوعات پر اسی شرح سے ٹیکس بڑھانے کا اعلان کر دیا اورایک روز بعد 106 اشیاء کی فہرست بھی جاری ہے جن پر اضافی ٹیکس عائد کیا جائے گا۔