امریکا اور اتحادیوں کا حملہ ناکام بنا دیا: شام کے سرکاری میڈیا کا دعویٰ

Last Updated On 17 April,2018 10:22 am

امریکا شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے: روس نے ایک بار پھر خبردار کر دیا، پینٹاگون کی تردید

دمشق:(دنیا نیوز) شام کے سرکاری میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ الشیعرات ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا جسے شامی ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا، ادھر امریکا نے شام پر میزائل حملے کی تردید کی ہے۔ دوسری جانب روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکا شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے۔

شامی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمص کے قریب الشیعرات ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا جسے شامی ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا، میڈیا نے یہ نہیں بتایا کہ میزائل کس نے داغے البتہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حمص میں کسی قسم کی کارروائی کی تردید کی ہے، علاوہ ازیں روس نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ امریکا شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے روسی پارلیمان کی خارجہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے اگر ایسا ہوا تو روس سخت ردعمل دے گا۔

ادھر روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے عالمی ادارے او پی سی ڈبلیو کے کیمیائی ماہرین بدھ کو دوما جائیں گے جہاں مبینہ کیمیائی حملہ کیا گیا، وزرات خارجہ نے ایک بیان میں تردید کی ہے کہ او پی سی ڈبلیو کے کیمیائی ماہرین کو دوما جانے سے روکا جا رہا ہے۔

دوسری جانب دوما کے ہسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر مروان جابر نے میڈیا کو بتایا کہ کیمیائی حملہ نہیں کیا گیا، گرد اور دھویں کی وجہ سے سانس کی تکلیف میں مبتلا کچھ لوگوں کو اسپتال لایا گیا جن کا فوری علاج کیا گیا۔