طرابلس: (ویب ڈیسک) لیبیا میں البراق فضائی کمپنی کا طیارہ دوران پرواز شدید طوفان میں پھنس گیا، طوفان کے باعث طیارہ بے قابو ہو گیا اور عین ممکن تھا کہ طیارہ سمندر میں گر کر تباہ ہوجاتا، اس صورتحال میں طیارے کے اندر موجود مسافروں میں دہشت اور افراتفری کی حالت پیدا ہو گئی۔
العربیہ ڈاٹ نیٹ کے مطابق "البراق" فضائی کمپنی کا طیارہ لیبیا کے شہر بن غازی سے دارالحکومت طرابلس کی جانب جارہا تھا جب وہ شدید ہوا کی لپیٹ میں آگیا۔ طیارے میں سوار ایک مسافر نے بتایا کہ بن غازی کے ہوائی اڈے سے پرواز بھرنے کے چند منٹ بعد طیارہ شدید طوفان میں پھنس گیا اور قریب تھا کہ طیارہ کپتان کے کنٹرول سے باہر چلا جائے کیوں کہ طیارہ اچانک نیچے جانے لگا اور اس دوران اس کے پر دائیں اور بائیں جھکتے رہے۔ 15 منٹ تک جاری رہنے والی اس صورتحال سے طیارے میں کہرام مچ گیا اور اس موقع پر مسافروں کو اپنی موت سامنے کھڑی نظر آ رہی تھی۔
طیارے کے اندر بنائے گئے ایک وڈیو کلپ میں مسافروں کی پریشانی کی حالت ظاہر ہو رہی ہے۔ اس دوران چیخ و پکار، تکبیر کی صدائیں اور اللہ سے گڑگڑا کر مدد مانگنے کی آوازیں سنائی دے رہی ہیں۔
تاہم کپتان نے طیارے کا کنٹرول دوبارہ حاصل کر لیا اور طیارہ اپنا سفر بحفاظت مکمل کر کے طرابلس کے ہوائی اڈے پر اُتر گیا۔