الشیعرات ایئربیس پر حملہ ہوا جسے ناکام بنا دیا گیا، شام کے سرکاری ٹی وی کا دعویٰ

Last Updated On 17 April,2018 09:38 pm

لاہور: (دنیا نیوز) شام کے سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمص کے قریب الشیعرات ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا جسے شامی ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا، ادھر امریکا نے شام پر میزائل حملے کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب روس نے ایک بار پھر کہا ہے کہ امریکا شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے، اوپی سی ڈبلیو کے کیمیائی ماہرین بدھ کو دوما جائیں گے۔ شامی سرکاری ٹی وی نے دعویٰ کیا ہے کہ حمص کے قریب الشیعرات ائیربیس پر میزائل حملہ کیا گیا جسے شامی ڈیفنس سسٹم نے ناکام بنا دیا۔ میڈیا نے یہ نہیں بتایا کہ میزائل کس نے داغے، البتہ امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے حمص میں کسی قسم کی کارروائی کی تردید کی ہے۔

دوسری جانب روس نے ایک بار پھر خبردار کیا ہے کہ امریکا شام میں ریڈ لائن عبور نہ کرے، روسی پارلیمان کی خارجہ کمیٹی نے ایک بیان میں کہا ہے اگر ایسا ہوا تو روس سخت ردعمل دے گا۔ ادھر روسی وزارت خارجہ کا کہنا ہے عالمی ادارے اوپی سی ڈبلیو کے کیمیائی ماہرین بدھ کو دوما جائیں گے جہاں مبینہ کیمیائی حملہ کیا گیا۔ وزرات خارجہ نے ایک بیان میں تردید کی ہے کہ او پی سی ڈبلیو کے کیمیائی ماہرین کو دوما جانے سے روکا جا رہا ہے۔ دوسری جانب دوما کے اسپتال میں کام کرنے والے ڈاکٹر مروان جابر Marwan Jaber نے میڈیا کو بتایا کہ کیمیائی حملہ نہیں کیا گیا۔ گرد اور دھویں کی وجہ سے سانس کی تکلیف میں مبتلا کچھ لوگوں کو اسپتال لایا گیا جنکا علاج کیا گیا۔