پاکستان، بھارت ایک ساتھ مشترکہ فوجی مشقوں میں حصہ لیں گے

Last Updated On 29 April,2018 06:28 pm

روس: (دنیا نیوز) شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت مشترکہ فوجی مشقیں رواں سال روس میں ہونے جارہی ہیں۔ پاکستان، چین اور بھارت کے فوجی دستے پہلی بار ایک ساتھ شریک ہونگے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کی جانب سے مشترکہ فوجی مشقیں رواں سال ستمبر میں روس میں منعقد ہونگی۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق ان مشقوں میں پہلی بار پاکستان، چین اور بھارت کے فوجی دستے ایک ساتھ شریک ہونگے۔ مشترکہ مشقوں میں شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام ممبر ممالک کی فوجیں حصہ لیں گی۔ عسکری ماہرین ایس سی او کو مغربی ممالک کے عسکری اتحاد نیٹو کے توڑ کے طور پر دیکھ رہے ہیں۔

2001 میں وجود میں آنے والی شنگھائی تعاون تنظیم میں پاکستان اور بھارت گزشتہ سال مستقل ممبر کے طور پر شامل ہوئے تھے۔ یہ مشقیں روس کے پہاڑی علاقے اورل میں منعقد کی جائیں گی ۔ شنگھائی تعاون تنظیم کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ان مشقوں کا مقصد خطے کو دہشت گردی سے نجات دلانا اور پائیدار امن کو یقینی بنانا ہے۔

واضح رہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم میں چین، روس، پاکستان، بھارت، قازقستان، کرغیزستان، تاجکستان اور ازبکستان شامل ہیں۔