ماسکو: (دنیا نیوز) ماسکو نے الزام لگایا ہے کہ شام میں جرمنی اور برطانیہ کے کیمیائی ہتھیار استعمال ہوئے ہیں۔ باغیوں سے خالی کرائے گئے علاقوں سے کلورین گیس کے ڈبے اور دھواں کے بم برآمد ہوئے ہیں۔ ادھر عراقی فضائیہ نے شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔
روسی وزارتِ خارجہ نے دعویٰ کیا ہے کہ باغیوں کے قبضے سے چھڑائے گئے علاقوں میں جرمنی سے درآمد شدہ کلورین گیس برطانوی شہر سیلیسبری میں بنے دھویں کے بم استعمال ہوئے ہیں۔
یاد رہے کہ مغربی طاقتیں بشار الاسد فورسز پر کیمیائی حملوں کا الزام لگاتی رہی ہیں۔ گزشتہ دنوں امریکا، برطانیہ اور فرانس نے شام پر میزائیل حملے بھی کیے تھے۔
ادھر اقوام متحدہ کی تحقیقاتی ٹیم دومہ میں موجود ہے جو کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کی تحقیقات کر رہی ہے۔
دوسری جانب عراقی فضائیہ نے وزیرِاعظم حیدر العبادی کے حکم پر شام میں داعش کے ٹھکانوں پر بمباری کی ہے۔ حکام کے مطابق دہشت گرد عراق کے لیے خطرہ بن گئے تھے، اس لیے نشانہ بنایا گیا۔