اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِ خارجہ خواجہ آصف نے کہا ہے کہ ہمارے مفادات روس، چین اور ترکی کے ساتھ تعلقات سے وابستہ ہیں۔ روس کے ساتھ تعلقات میں بہتری آ چکی ہے۔
وزیرِ خارجہ خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ ہم نے اپنی تمام کوششیں امریکا کے ساتھ تعلقات بڑھانے پر لگا دیں لیکن وہ کس طرح کا رویہ پاکستان کے ساتھ اپنائے ہوئے ہے، ہم سب اس سے واقف ہیں۔ اب ہماری روس کے ساتھ کوآپریشن بتدریج بڑھ رہی ہے۔ اس کے ساتھ ہمارے تعلقات میں بہتری کے ثمرات جلد عوام کو نظر آئیں گے۔
دنیا نیوز کے پروگرام ”دنیا کامران خان کے ساتھ“ میں گفتگو کرتے ہوئے خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ ہمارے مفادات روس، چین اور ترکی کیساتھ تعلقات سے وابستہ ہیں، اب ہمیں روس کیساتھ تعلقات کو مزید بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہماری روس سے اکنامک کو آپریشن بھی بہتر ہو رہی ہے۔ روس پاکستان میں توانائی کے شعبوں میں بہتری لانے کا خواہاں ہے۔ اس کے علاوہ ہمارا روس کے ساتھ دفاع کا معاملہ بھی مضبوط ہوا ہے۔ دہشت گردی کیخلاف جنگ میں تعاون پر بھی بات چیت جاری ہے۔