وادی: (دنیا نیوز) مقبوضہ کشمیر کے علاقے پلواما میں تین شہریوں کے قتل کے خلاف وادی میں ہڑتال ہے، مقامی کرکٹ سٹار شاہد اشرف کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔
مقبوضہ وادی میں بھارتی ریاستی دہشت گردی جاری ہے، پلواما میں 3 شہریوں کی شہادت پر وادی میں مکمل ہڑتال ہے۔ سری نگر، پلواما میں بازار مکمل بند جبکہ سڑکوں پر ٹریفک نہ ہونے کے برابر ہے۔
قابض بھارتی فوج نے گزشتہ روز پلواما میں 3 شہریوں کو قتل کر دیا، جن میں مقامی کرکٹ سٹار شاہد اشرف ڈار بھی شامل ہے۔ کئی ٹورنامنٹ کے فاتح اس نوجوان کی نماز جنازہ میں ہزاروں افراد نے شرکت کی اور بھارت کے خلاف نعرے لگائے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوج نے اپریل میں 33 کشمیریوں کو موت کے گھاٹ اتارا جبکہ سات سو سرسٹھ زخمی ہوئے۔